Saturday, April 20, 2024

سی پیک منصوبے کے مغربی روٹ پر کامیابی ، ہکلہ تا ڈیرہ اسماعیل خان چار رویہ موٹروے تکمیل کے قریب

سی پیک منصوبے کے مغربی روٹ پر کامیابی ، ہکلہ تا ڈیرہ اسماعیل خان چار رویہ موٹروے تکمیل کے قریب
February 14, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) پاک، چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ پر ایک اور اہم منصوبہ پر کلیدی پیشرفت ہو گئی۔ ہکلہ، ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے کے پہلے حصہ پر پچیانوے فیصد کام مکمل کر لیا گیا۔

نیشنل لاجسٹک سیل کے زیر نگرانی ہکلہ، ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے کا یارک سے رحمانی خیل کا پہلا حصہ 55 کلومیٹر پرمشتمل ہے۔ این ایل سی نے 55 کلومیٹر ٹریک پر 95 فیصد کام مکمل کر لیا جس میں شاہراہ کے علاوہ 2 انٹرچینج، 6 انڈر پاس، 4 پل، رہائشی سہولیات اور ٹول پلازے شامل ہیں جبکہ وزن کے کانٹوں کی تعمیر 31 مارچ سے قبل مکمل کر لی جائے گی۔

این ایل سی نے پاک فوج کی "سرسبز و شاداب پاکستان" مہم کے تحت بنجراور ریتلی زمین پر بھرپور شجرکاری بھی کی اور موٹروے کے دونوں اطراف ڈیڑھ لاکھ درخت لگائے ہیں۔

ہکلہ، ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے کی تعمیر سے اسلام آباد تا ڈیرہ اسماعیل خان فاصلہ کم ہو جائے گا۔ موٹروے، قومی شاہراہوںاین 50 اور این 55 کو بھی باہم جوڑے گی۔ موٹروے آم، کھجور، دالوں اور دیگر اجناس کی بروقت منڈیوں تک رسائی اورشمالی پنجاب ، شمالی بلوچستان اور جنوبی خیبر پختون خواہ کے پسماندہ علاقوں میں تجارت کے فروغ کا باعث ہوگی جبکہ سی پیک کے مغربی روٹ پر سماجی اور معاشی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔