Thursday, April 25, 2024

بلوچستان میں سینیٹر بننے کا ریٹ 50 سے 70 کروڑ روپے ہے ، وزیراعظم کا انکشاف

بلوچستان میں سینیٹر بننے کا ریٹ 50 سے 70 کروڑ روپے ہے ، وزیراعظم کا انکشاف
February 10, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے انکشاف کیا ہے کہ بلوچستان میں سینیٹر بننے کا ریٹ 50 سے 70 کروڑ روپے ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے کرانے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔ کلرسیداں میں میڈیا سے غیررسمی گفتگو میں وزیراعظم نے انکشاف کیا کہ بلوچستان میں سینیٹ کے ایک ووٹ کی قیمت 50 سے 70 کروڑ لگ رہی ہے، کئی بار پہلے بھی مجھے پیسوں کے عوض سینیٹ سیٹ بیچنے کی آفر ہوئی۔ دائریکٹ اور اِن ڈائریکٹ سینیٹ سیٹ بیچنے کیلئے رابطے کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ  ن لیگ اور پیپلزپارٹی تو خود چارٹر آف ڈیمو کریسی میں اوپن بیلٹ کا معاہدہ کرچکی ہیں اور میں مسلم لیگ ن کے اوپن بیلٹ کے مطالبے کی تائید کر چکا ہوں۔

وزیراعظم نے سوال اٹھایا کہ اصل ایشو یہ ہے کہ کیا اس موجودہ سسٹم کے تحت الیکشن ہونا چاہیے یا نہیں۔ ووٹوں کی خریدو فروخت میں سب سے زیادہ مال مولانا فضل الرحمن نے بنایا۔ مولانا فضل الرحمان اس نظام کے سب سے بڑا بینیفشری ہے۔ اپوزیشن جماعتیں سینیٹ الیکشن کے کرپٹ نظام کی سپورٹ کررہی ہیں۔

ووٹ فروخت کرنے کی ویڈیو پر وزیراعظم نے دہرایا کہ ویڈیو کی ٹائمنگ پر نہیں ووٹ بکنے پر سوال ہونا چاہیے، اگر ویڈیو میرے پاس پہلے ہوتی تو کیسز میں عدالت میں پیش کرتا، ہمارے اراکین ہمارے ساتھ ہیں۔ حکومت کے دوران کوئی چھوڑ کر نہیں جاتا۔ اہم بات یہ ہے کہ ویڈیو سے میرے موقف کی تائید ہوئی، اپوزیشن نے اوپن بیلٹ پر میری بات نا مانی تو روئیں گے۔

کپتان نے کرکٹ پر بھی بات کی۔ جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا ہم نے کرکٹ کا بنیادی ڈھانچہ ٹھیک کر دیا ہے ، اب  ٹیم نمبر ون بنے گی۔ پاکستان میں بھارت سے زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے لیکن بھارت کرکٹ کا ڈھانچہ بہتر ہونے کی وجہ سے انڈین ٹیم آگے ہے۔

 وزیراعظم نے کہا کہ غلط وقت پر دو بارشیں ہوئیں جس کی وجہ سے گندم کی پیداوار کم ہوئی، آٹے کی قیمت نہ بڑھے اس لیے گندم درآمد کر رہے ہیں۔ ڈالر کا ریٹ بڑھنے سے ہر چیز مہنگی ہوئی، ہماری ساری کوشش ہے کہ اپنی برآمدات بڑھائیں۔