Saturday, April 20, 2024

ہمیں یوٹرن کا طعنہ دینے والوں نے رانگ ٹرن لے لیا، شیخ رشید

ہمیں یوٹرن کا طعنہ دینے والوں نے رانگ ٹرن لے لیا، شیخ رشید
February 5, 2021

راولپنڈی (92 نیوز) وزیرداخلہ شیخ رشید نے پی ڈی ایم کو وارننگ دیتے ہوئے کہا، ہمیں یوٹرن کا طعنہ دینے والوں نے رانگ ٹرن لے لیا، لانگ مارچ شوق سے کریں، ہم راستے میں نہیں آئیں گے۔

وزیرداخلہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو سلام پیش کرتے ہیں، کشمیر کی جدوجہد آزادی میں لال حویلی کا ایک کردار ہے، کشمیر کی آزادی کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ عمران خان کی پوری کوشش ہے ملک کو مسائل سے نجات دلائی جائے۔

اُن کا کہنا تھا چوروں اور ڈاکوؤں کے لوٹنے سے مہنگائی ہوئی، میں نے کہا یہ استعفے نہیں دیں گے، میں نے کہا تھا یہ سینٹ کا الیکشن لڑیں گے، جس اسمبلی پر مولانا نے لعنت بھیجی اب اسی اسمبلی سے ممبران کیلئے ووٹ مانگنے جائیں گے۔ شرم آتی ہے کل جو قومی اسمبلی میں ہوا،  یہ ہمارے نمائندے ہیں؟۔

اُنہوں نے کہا، 26 مارچ کو شوق سے آئیں، اگر قانون ہاتھ میں لیا تو وہ سلوک کریں گے جو دنیا یاد رکھے گی۔ اپوزیشن کیلئے کوئی رکاوٹ کا باعث نہیں بننا چاہتے، احترام امن اور قانون کے دائرے میں آئیں گے تو ایسا ہی سلوک کریں گے۔

اُن کا کہنا تھا کیا یہ ملک میں سیاسی انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، لیڈر بھگوڑا نہیں ہوتا، جیل لیڈر کا سسرال، ہتھکڑی زیور ہوتا ہے۔ آصف زرداری کتنا بڑا گرو نکلا ہے، ضمانت بھی کنفرم ہوگئی ہے۔ آصف زرداری کے کیس کراچی جائیں گے تو کون شہادت دے گا۔

شیخ رشید بولے کہ مسلم لیگ ن گھیرے میں ہے، شہباز شریف کا کیس سنجیدہ ہے، جب یہ جیلوں میں جاتے ہیں تو ان کی صحت خراب ہو جاتی ہے، تحریک لبیک اور میرا مشن ایک ہے۔ ن لیگ، فضل الرحمٰن نے ختم نبوت کیخلاف ووٹ دیا۔ جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید پاکستان کے عظیم جج ہیں۔

اُن کا کہنا تھا فضل الرحمٰن پہلے کہتے تھے راولپنڈی جائیں گے، اب ادھر رخ نہیں کرتے۔ دھرنا بڑا مشکل کام ہے، آپ بند گلی میں داخل ہیں، پی ڈی ایم کو بالآخر ہم سے مذاکرات کرنے پڑیں گے۔ 2 ماہ بعد آپ کا وہ حال ہوگا جو الیکشن کمیشن کے باہر ہوا۔

انہوں نے مزید کہا، کہتے ہیں پی ڈی ایم مل کر الیکشن لڑے گی۔ ساری زندگی ن لیگ نے پیپلزپارٹی کیخلاف ووٹ دیئے۔ پی ڈی ایم نے غیر ذمے دارانہ سیاست کی ہے، پیپلزپارٹی اور فضل الرحمٰن اپنا راستہ بند گلی سے کھلی گلی میں لے آئیں ہیں، یہ ن لیگ کو بیچ چوراہے میں چھوڑ دیں گے، عمران خان اگلے 5 سال بھی لگائے گا۔