Thursday, April 25, 2024

فارن فنڈنگ تحقیقات، ن لیگ کی بھی ریکارڈ، بینک اکاؤنٹس تفصیلات درخواست گزار کو دینے کی مخالفت

فارن فنڈنگ تحقیقات، ن لیگ کی بھی ریکارڈ، بینک اکاؤنٹس تفصیلات درخواست گزار کو دینے کی مخالفت
February 3, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی مبینہ ممنوعہ غیرملکی پارٹی فنڈنگ کی تحقیقات کے لیے الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی کا اجلاس ہوا، تحریک انصاف کے بعد ن لیگ نے بھی اپنا ریکارڈ اور بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات درخواست گزار کو دینے کی مخالفت کر دی۔

الیکشن کمیشن میں ن لیگ کی مبینہ غیرملکی فنڈنگ کی تحقیقات کے لیے اسکروٹنی کمیٹی کا اجلاس ہوا، مسلم لیگ ن کی جانب سے احسن اقبال اور وکیل جہانگیر جدون جبکہ درخواست گزار فرخ حبیب اور ان کے وکیل رانا افضل کمیٹی کے روبرو پیش ہوئے۔

اسکروٹنی کمیٹی میں ن لیگ نے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات تحریک انصاف کو دینے کی مخالفت کر دی۔

کمیٹی درخواست گزار کو ن لیگ کے اکاؤنٹس دینے یا نہ دینے سے متعلق فیصلہ بعد میں کرے گی۔

میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا تین ماہ سے الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی سے شواہد مانگے ہوئے ہیں۔ آج تک ہمارے خلاف پی ٹی آئی کوئی ثبوت فراہم نہیں کر سکی۔

ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے خلاف درخواست گزار فرخ حبیب کا کہنا تھا
ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو کس بات کا ڈر ہے جو ریکارڈ دینے کی مخالفت کر رہے ہیں۔

فرخ حبیب کہتے ہیں دونوں جماعتوں نے سکروٹنی کمیٹی میں ایک ایک اکاؤنٹ ظاہر کیا مگر ان کے کئی اکاؤنٹس نکل آئے ہیں۔

اُنہوں نے مریم نواز اور بلاول بھٹو کو فنڈنگ کیس پر ٹی وی پر مناظرے کا چیلنج دے دیا۔

الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی میں پیپلزپارٹی کے خلاف غیرملکی فنڈنگ کی تحقیقات آگے نہ بڑھ سکی۔