Tuesday, April 16, 2024

بہاولپور، جرگے نے بھائی کے جرم کے بدلے میں 10 سالہ کمسن بچی کو ونی کردیا

بہاولپور، جرگے نے بھائی کے جرم کے بدلے میں 10 سالہ کمسن بچی کو ونی کردیا
February 3, 2021

بہاولپور (92 نیوز) بہاولپور کے نواحی علاقے موضع کوٹلہ رحمت شاہ میں جرگے کے فیصلے پر بھائی کے جرم کے بدلے میں 10 سالہ کمسن بچی ثمینہ کو ونی کردیا گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے 10 افراد کو حراست میں لے لیا۔

جرم کیا بھائی نے سزاملی معصوم بہن کو، علاقے کے بااثر لوگوں نے اپنی ہی عدالت لگا لی۔ بہاولپور کے نواحی علاقہ کوٹلہ رحمت شاہ میں دس سالہ کم سن بچی جرگے کی بھینٹ چڑھ گئی، جرگے کے فیصلے پر بھائی کے جرم کے بدلے کمسن بچی ثمینہ ونی کر دی گئی۔

10 سالہ ثمینہ کا بھائی محمد آصف چند روز قبل 26 سالہ خورشید بی بی کو بھگا کر لے گیا تھا، جس پر پنچایتیوں نے 45 سالہ عبدالمجید سے دس سالہ بچی کا زبردستی نکاح کروا دیا۔

کم عمر بچی کو فرسودہ رسم کی بھینٹ چڑھانے پر پولیس حرکت میں آئی اور پنچائتیوں، قاضی، گواہان سمیت دس افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔