Saturday, April 20, 2024

پاکستان اور بھارت کشمیر کا دیرینہ تنازع حل کریں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

پاکستان اور بھارت کشمیر کا دیرینہ تنازع حل کریں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ
February 3, 2021

راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے علاقائی امن کیلئے مسئلہ کشمیر کے حل کی خواہش کا اظہارکردیا۔ کہتے ہیں پاکستان امن کیلئے دست تعاون دراز کر رہا ہے۔ پاکستان اور بھارت کشمیر کا دیرینہ تنازع حل کریں۔

پاک فضائیہ کے کیڈٹس کی گریجوایشن تقریب میں آرمی چیف نے کہا، پاکستان باوقار انداز میں پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے۔ دونوں ممالک کو پروقار، پُرامن انداز میں دیرینہ تنازع کشمیر کا حل نکالنا اور انسانی المیہ کی اس داستان کو منطقی انجام تک پہنچانا ہو گا۔ پاکستان کی امن کی خواہش کو صورت کمزوری نہ سمجھا جائے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے زور دیا کہ کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر حل ہونا چاہیے۔
جی ڈی پائلٹ پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب میں سپہ سالار نے دو ٹوک پیغام دیا کہ یہ وقت ہر جانب امن کا ہاتھ بڑھانے کا ہے۔ ہم باہمی احترام اور پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتے ہیں۔  پاکستان امن پسند ملک ہے۔ لیکن کسی کو اپنی امن کی خواہش کا غلط مطلب نہیں لینے دیں گے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ تینوں مسلح افواج نے بہترین ہم آہنگی سے پاکستان دشمنوں کو شکست دی اور مشترکہ کاوشوں سے داخلی سلامتی کی صورتحال بہتر ہوئی۔

سپہ سالار نے پاک فضائیہ کی آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ میں بہترین کارکردگی پیشہ وارانہ مہارت کو بھی سراہا اور کہا کہ فضائیہ پوری قوم کا فخر ہے۔ امید ہے پاک فضائیہ نئی بلندیوں اور کارکردگی کی معراج کو چھوئے گی۔ سعودی فضائیہ کے کیڈٹس کی اصغر خان اکیڈمی میں موجودگی قابل قدر ہے۔ مشترکہ ٹریننگ دونوں ممالک اور افواج کے مابین بہترین تعلقات کا مظہر ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کیڈٹس میں برانچ نشان۔ اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ تقریب کے دوران پاک فضائیہ کی شیر دل ٹیم نے شاندار فضائی مہارت کا مظاہرہ بھی کیا۔