Thursday, April 18, 2024

حکومت کا سینٹ الیکشن اوپن ووٹنگ سے کرانے کیلئے آئینی ترمیم لانے کا اعلان

حکومت کا سینٹ الیکشن اوپن ووٹنگ سے کرانے کیلئے آئینی ترمیم لانے کا اعلان
January 28, 2021

لاہور (92 نیوز) حکومت نے سینیٹ الیکشن اوپن ووٹنگ سے کرانے کیلئے آئینی ترمیم لانے کا اعلان کردیا۔ وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی اُمور بابراعوان کہتے ہیں اگلے ہفتے آئینی ترمیم پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی۔

بابراعوان نے میڈیا گفتگو میں کہا، ماضی میں سینٹ الیکشن متنازعہ رہے، ضمیر بیچے گئے، ووٹ خریدے گئے، وزیراعظم چاہتے ہیں ضمیر فروشی کے بجائے اوپن ووٹنگ کی جائے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہم ہر صورت سینٹ انتخابات کو شفاف بنائیں گے۔

انہوں نے کہا، ماضی کی بدعنوان حکومتیں آج بھی سینٹ کے شفاف الیکشن نہیں چاہتیں۔ آج تک کسی جماعت نے سینٹ انتخابات کو شفاف بنانے کی بات نہیں کی۔

اُن کا کہنا تھا، بل لا رہے ہیں جو بیرون ملک پاکستانیوں کو الیکشن میں حصہ لینے کا حق دے گا۔ آئینی ترمیم کے تین حصے ہیں، یہ آئینی ترمیم کو ہم اگلے ہفتے پارلیمنٹ میں لے کر جا رہے ہیں۔ بل کی حمایت کرنے والی جماعتوں کا خیر مقدم کریں گے۔

مشیرِوزیراعظم نے کہا، ہم پارلیمنٹ میں جارہے ہیں،آئیے آپ بھی پارلیمنٹ میں ہمارے ساتھ کھڑے ہوجائیں۔ اپوزیشن کے پاس موقع ہے کہ شفاف انتخابات کیلئے ہمارے ساتھ تعاون کریں۔

اُن کا کہنا تھا، حکومتیں آئینی طریقے سے جاتی ہیں، یا اپنی اکثریت کھو دیں۔ یا پھر حکومت خریدو فروخت کے ذریعے جاتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا ہم بل لے کر آرہے ہیں کہ بیرون ملک پاکستانی بھی الیکشن میں حصہ لے سکے۔