Thursday, April 25, 2024

صرف کورونا کا الزام نہیں لگا، باقی سب لگے جو برداشت کیے، چیئرمین نیب

صرف کورونا کا الزام نہیں لگا، باقی سب لگے جو برداشت کیے، چیئرمین نیب
January 26, 2021

کراچی (92 نیوز) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا، صرف کورونا کا الزام نہیں لگا، باقی سب لگے جو برداشت کیے۔

منگل کے روز تاجروں سے خطاب میں کہا، مذموم پراپیگنڈے کی وجہ سے ملزمان چودھری بن رہے ہیں اور نیب کٹہرے میں کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب کیخلاف مذموم پراپیگنڈہ تواتر سے جاری ہے، کوئی دھمکی اور بلیک میلنگ راستے میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ جو لوگ کہتے دھیلے کی کرپشن نہیں کی، اِن کیخلاف بھی اربوں کی کرپشن نکلے گی۔

اُن کا کہنا تھا، ملک کے وہ لوگ جن کی طرف آپ آنکھ اٹھا کر دیکھ نہیں سکتے تھے نیب نے انہیں بلایا۔ گزشتہ 3 سال میں 487 ارب روپے ریکور کیے۔ 1235 ریفرنس مختلف عدالتوں میں دائر ہیں۔ 1235 کیسز میں سے ایک بھی بزنس مینوں کیخلاف نہیں۔

انہوں نے کہا، کبھی آج تک تنقید کا برا نہیں مانا، آج بھی احتساب کیلئے موجود ہوں، ان لوگوں کے پیسے واپس کرارہا ہوں جن کے پاس کھانے کیلئے روٹی نہیں ہے۔ ماضی میں پوچھنے والے نہیں تھے، اب پوچھنے والے ہیں۔ پلی بارگین قانون میں موجود ہیں۔

چیئرمین نیب بولے کہ ثابت ہوجائے ایک تاجربھی نیب کیسزکی وجہ سے ملک چھوڑ گیا گھر چلا جاؤں گا، بہترفیوچر کی خاطر کوئی تاجر گیا ہے تو اپنی خوشی سے گیا۔ کہا گیا نیب کی کسٹڈی میں 14افراد کی اموات ہوئیں، آج تک ایسا نہیں ہوا آدمی بیمار ہو اور میں کہوں اسے حوالات میں رکھو۔

اُن کا مزید کہنا تھا، نیب کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے، نیب اور پاکستان ساتھ ساتھ چل سکتے ہیں، کرپشن اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔