Thursday, April 18, 2024

سندھ ایپکس کمیٹی کا دہشتگرد گروپس کی سرگرمیاں روکنے ، ٹارگٹڈ آپریشن جاری رکھنے کا فیصلہ

سندھ ایپکس کمیٹی کا دہشتگرد گروپس کی سرگرمیاں روکنے  ، ٹارگٹڈ آپریشن جاری رکھنے کا فیصلہ
January 25, 2021

کراچی (92 نیوز) سندھ ایپکس کمیٹی نے دہشت گرد گروپس کی سرگرمیوں کو روکنے اور پڑوسی ممالک کی مداخلت پر ٹارگٹڈ آپریشن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کراچی میں موبائل فون چھینے کی وارداتوں اور دیہی علاقوں میں قتل کےبڑھتےواقعات پر کاروائیاں تیز کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت 5 ماہ بعد ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں کورکمانڈر، آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز، صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، سیکرٹری داخلہ اور دیگر نے شرکت کی ۔

آئی جی سندھ مشتاق مہر نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ را سے تعلق رکھنے والے دہشتگرد گروپ کے 4 کارندے کو گرفتار کیا گیا ،، جبکہ اسٹاک ایکسچینج حملے میں ملوث کالعدم بی ایل اے کے چاروں دہشت گرد مارے گئے ۔

آئی جی سندھ نے اجلاس کو بتایا کہ 2020 میں دہشتگردی کا ایک واقعہ رپورٹ ہوا  جبکہ 2019 میں ٹارگٹ کلنگ کے 12 اور 2020 میں 8 واقعات رپورٹ ہوئے ، 2020 میں 1525 افراد کو قتل کیا گیا اور 2019 میں بھتہ خوری کی 166، دو ہزار بیس میں 158 وارداتیں ہوئیں ۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے اجلاس کو بتایا گیا کہ 30 دہشت گردوں کو ملٹری کورٹس نے، 108 کو انسداد دہشتگردی عدالتوں نے موت کی سزائیں سنائیں جبکہ ٹیرر فنانسنگ کو روک کر 10 ارب روپے تحویل میں لئے گئے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی پولیس غلام نبی میمن نے بریفنگ میں بتایا کہ موبائل فون چھیننے کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے اور شہری رپورٹ کم کرواتے ہیں ۔