Saturday, April 20, 2024

ماضی کی نامور اداکارہ روحی بانو کی آج دوسری برسی منائی جا رہی ہے

ماضی کی نامور اداکارہ روحی بانو کی آج دوسری برسی منائی جا رہی ہے
January 25, 2021

لاہور (92 نیوز) اسکرین پر اپنے فن کا لوہا منوانے والی ماضی کی نامور اداکارہ روحی بانو کی آج دوسری برسی منائی جا رہی ہے۔

منفرد انداز اور لب و لہجے کی ملکہ اداکارہ روحی بانو کو مداحوں سے بچھڑے دو برس بیت گئے۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ماضی کی صفِ اول کی اداکارہ نے 1970 اور 80 کی دہائی میں پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری پر راج کیا۔ روحی بانو کا فن کی دنیا میں کوئی ثانی نہ تھا۔ اپنی جاندار اداکاری سے کردار میں حقیقت سمو دیتی تھیں۔

روحی بانو نے ڈرامہ کرن کہانی، سانول موڑ مہار، پھول والوں کی سیر، کانچ کا پل، زرد گلاب اور دروازہ سمیت مختلف ڈراموں میں لازوال کردار نبھائے۔ انہوں نے ضمیر، پالکی، انسان،  اناڑی، تیرے میرے سپنے، نوکر، زینت، پہچان، بڑا آدمی سمیت کئی فلموں میں بھی فن کے جوہر دکھائے۔

اکلوتے جواں سالہ بیٹے کے نامعلوم افراد کے ہاتھوں قتل کے بعد روحی بانو اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھیں اور کئی شب و روز فاؤنٹین ہاؤس میں گزارے،

روحی بانو معروف طبلہ ساز استاد اللہ رکھا کی صاحبزادی تھی۔ انہوں نے صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی کے علاوہ بےشمار ایوارڈز حاصل کیے۔

گردوں اور دماغی عارضے میں مبتلا روحی بانو بیرون ملک زیر علاج تھی جو 25 جنوری 2019 کو انتقال کر گئیں۔