Thursday, March 28, 2024

مری میں برفباری، آج پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بادل برسیں گے

مری میں برفباری، آج پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بادل برسیں گے
January 23, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) موسم کے نظارے بڑے ہی پیارے، مری میں آسمان سے برف کے گالے برسنے لگے۔ قدرتی حسن کی شاہکار وادیوں میں برف باری اور بارش کے امتزاج نے موسم میں رنگ بھر دئیے۔ لاہور پر بادلوں کا سائبان تن گیا۔ آج پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بادل برسیں گے، محکمہ موسمیات نے بتا دیا۔

موسم نے زبردست انگڑائی لے لی۔ مری میں سفید موتیوں کی بارش، ملکہ کوہسار کا حسن دوبالا ہوگیا۔ دلکش موسم سے محظوظ ہونے کے لیے سیاحوں نے بالائی علاقوں کا رخ کرلیا ہے۔

مالم جبہ میں وقفے وقفے سے بارش کے ساتھ برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ سوات، کالام، ناران سمیت آزاد کشمیر کے بیشترعلاقوں میں سردی مزید بڑھ گئی۔

گوجرخان میں بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے آج گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، حافظ آباد، گجرات سمیت مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ مانسہرہ،گلیات، چترال سمیت بالائی علاقوں میں بھی بادل برسیں گے۔

کراچی میں گرد آلود ہوائیں چلنے لگیں، مختلف علاقوں میں حد نگاہ 2 سے 3 کلومیٹرتک رہ گئی ہے۔ اُدھر جنوبی پنجاب میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔