Friday, April 26, 2024

براڈ شیٹ پاکستان کا پاناما پلس ہوگا، شیخ رشید

براڈ شیٹ پاکستان کا پاناما پلس ہوگا، شیخ رشید
January 22, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اپوزیشن کو جواب دیتے ہوئے کہا براڈشیٹ کی تحقیقات کے لیے جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید کو نہ لگائیں تو کیا جسٹس قیوم کو لگائیں، براڈ شیٹ پاکستان کا پاناما پلس ہوگا۔

وزیر داخلہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ براڈ شیٹ کے حوالے سے دو تین ماہ میں مزید انکشافات ہوں گے، نون لیگ کی سو ملین کی پراپرٹی نکل سکتی ہے۔ پی ڈی ایم والے جو مرضی کرلیں ان کا دور اقتدار واپس نہیں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ عظمت سعید شیخ قانون کی دنیا کا بہت بڑا نام ہیں۔ شیخ عظمت نے والیم ٹین پڑھا ہوا ہے، پاناما کیس بطور وکیل میں نے خود لڑا ہے۔

وفاقی وزیر بولے، انہوں نے کہا تھا یہ سینٹ الیکشن میں حصہ لیں گے، استعفے نہیں دیں گے۔مولانا فضل الرحمٰن بلاوجہ بپھرے ہوئے ہیں، مولانا سمجھتے ہیں ن لیگ کے ساتھ مل کر انکا کوئی سیاسی رول بن جائے گا، یہ جلوس نکال رہے تھے اور بلاول بھٹو عمر کوٹ میں جشن منا رہے تھے۔ تھا۔

اُنہوں نے کہا، مولانا فضل الرحمان سے ایک بات کہنا چاہتا ہوں، حلوہ ہم خود کھلائیں گے۔ مولانا فضل الرحمٰن قائد کے مزار پر خطاب کررہے ہیں یہ قیامت کی نشانی ہے۔ ختم نبوت کی ترمیم ن لیگ لائی تھی اور مولانا کی جماعت نے قومی اسمبلی میں ووٹ دیا تھا۔

اُن کا کہنا تھا 561 مدارس ہیں اسلام آباد میں صرف 92 رجسٹرڈ ہیں۔ دینی طلبہ نے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج میں حصہ نہیں لیا۔ الیکشن کمیشن کے آگے لوگ کیوں کم ہوئے، میں دینی مدارس اور طلبا کا شکر گزار ہوں۔ تھوڑے سے بچوں نے جلسے میں شرکت کی، کل ہم مانیٹر کرینگے کہ مدارس کے بچے شامل نہ ہوں۔ ہر مکتہ فکر کے علما کا احترام کروں گا۔

اُن کا کہنا تھا اگر قانون ہاتھ میں لیا تو ویسا ہی جواب دیا جائے گا۔ آپ وفا کرینگے تو وفا کرینگے جفا کروگے تو جفا کرینگے۔ ریڈ زون میں کسی کو آنے کی اجازت نہیں۔ فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان نے بہت بڑا قدم اٹھایا ہے کہ اسے لائیو کوریج دے دی جائے۔

اُنہوں نے کہا، سندھ حکومت شہر کو محفوظ بنانے کے لیئے رینجرز کے ساتھ تعاون کرے، شہداء کی قربانیوں سے ہی کراچی کی رونقیں بحال ہوئیں، سیاست اپنی جگہ، کراچی کی بھلائی سب کا مقصد ہے۔ لوگوں کی پوری کوشش ہے کراچی کا امن تباہ کیا جائے۔

شیخ رشید بولے کہ پاکستان میں غیر ملکی طاقتیں امن نہیں دیکھنا چاہتیں، انٹرنیشنل طاقتیں پاکستان اور سی پیک کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں۔ کہا کہ کشمیر کشمیر لگائی ہوئی ہے، مجھ سے زیادہ ملک میں کشمیر کو کوئی نہیں سمجھتا۔ لال حویلی کا سری نگر سے خون کا رشتہ ہے۔

انہوں نے کہا، وزارت داخلہ پاک فوج کو سلام پیش کرتی ہے، 88 سے 90 فیصد افغان بارڈر کی فینسنگ ہوگئی ہے۔ ایران سرحد کی 40 فیصد فینسنگ ہوچکی ہے۔

اُن کا مزید کہنا تھا امریکا میں جوبائیڈن نے جو فیصلے کیے ہیں اس میں مسلم ممالک کیلئے کافی مثبت بات ہے۔