Thursday, April 25, 2024

آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس ، خواجہ آصف جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس ، خواجہ آصف جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل
January 22, 2021

لاہور (92 نیوز) آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں لاہور کی احتساب عدالت نے خواجہ آصف کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ عدالت نے خواجہ آصف کو 4 فروری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں مزید جسمانی ریمانڈ کے لیے خواجہ آصف کو سخت سکیورٹی میں احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق بھی احتساب عدالت پہنچے۔ عدالت نے چیمبر میں ملاقات کرنے والے شخص کے خواجہ آصف کے ساتھ کھڑے ہونے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے اسے باہر نکال دیا۔

نیب پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ خواجہ آصف کے اکاونٹس میں کروڑوں جمع کروائے گئے۔ یواے ای میں ملازمت کے دوران جو تنخواہ وصول کی اس کے ذرائع کے حوالے سے تفتیش باقی ہے، جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

عدالت نے قرار دیا کہ ملزم نہیں بتاتا تو کیا اسے اپنے پاس ہی رکھنا ہے؟ نیب کا کام تفتیش ہے ، ملزم نہیں بتاتا تو اس کے اپنے خلاف جاتا ہے۔ مزید ریمارکس دیئے کہ نیب اتنا بڑا ادارہ ہے ملزم نہ بتائے تو خود یو اے ای میں جا کر تحقیقات کر لے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ دو کروڑ اسی لاکھ روپے اکاؤنٹ میں جمع ہوئے جو تسلیم کر چکا ہوں۔ ان کے وکیل نے کہا کہ پنڈی میں پانچ بار خواجہ آصف اور پچیس سے تیس بار وکلا نیب میں پیش ہوئے۔ تحریری طور پر تمام جواب اور دستاویزات نیب کو جمع کروا چکے،عدالت جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرے۔

سماعت کے موقع پر مسلم لیگ ن کی خواتین عدالت کے اندر جانے کے لئے پولیس سے بحث کرتی رہیں۔ کیس کی سماعت کے بعد خواجہ سعدرفیق عدالت سے واپس روانہ ہو گئے۔