Friday, April 26, 2024

براڈ شیٹ کیس پر رقم کیوں ،کب اور کیسے دی ، قائمہ کمیٹی نے چیئرمین نیب کو طلب کرلیا

براڈ شیٹ کیس پر رقم کیوں ،کب اور کیسے دی ، قائمہ کمیٹی نے چیئرمین نیب کو طلب کرلیا
January 21, 2021

اسلام آباد (92 نیوز)براڈ شیٹ کیس پر قوم کے اربوں روپے خرچ ہوئے، رقم کیوں، کب اور کیسے دی؟ اہم سوالوں کے جواب جاننے کے لیے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے چیئرمین نیب کو طلب کرلیا۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات نے بریفنگ کے لیے چیئرمین نیب کو طلب کرلیا، کمیٹی کی بیٹھک میں براڈ شیٹ پر بحث ہوئی تو کمیٹی چیئرمین جاوید لطیف اور وفاقی وزیر شبلی فراز میں نوک جھوک ہوئی۔ وفاقی وزیر نے موقف اپنایا کہ  چیئرمین نیب کا کمیٹی سے کیا ربط بنتا ہے۔ بلانا ہے تو باقی کرداروں کو بھی بلائیں۔ کل کوئی کمیٹی سابق وزیراعظم کو بھی بلا سکتی ہے۔

جاوید لطیف نے جواب دیا کہ دوسری کمیٹی نے چیئرمین نیب کو بلایا اس کا اجلاس ہی ملتوی کردیا گیا ، نیب کے معاملے پر حکومت کے پر جلتے ہیں، وزیر اطلاعات چاہتے ہیں تو چیئرمین نیب اپنے نمائندے  کے ذریعے بریفنگ دیں، اگر نیب کا نمائندہ مطمئن نہ کرسکا تو چیئرمین کو طلب کیا جائے۔

صحافیوں سے گفتگو میں شبلی فراز نے چیئرمین نیب کو بلانا مضحکہ خیز قرار دیا۔ جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ براڈ شیٹ کیس پر نیب نے قوم کےا ربوں روپے لگائے۔  چیئرمین نیب بتائیں کہ معاہدہ کیوں ہوا۔ غلط اکاونٹ میں رقم کیسے منتقل کی؟۔

انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹی آزادانہ طور پر انکوائری کرے گی، کچھ ٹی او آرز وزیراعظم ہاوس سے بھی بتائے گئے۔ اصل مقصد صحیح جانچ پڑتال کرکے حقائق منظرعام پر لانا ہے۔