Wednesday, April 24, 2024

جوبائیڈن کا صدارتی آفس میں پہلا روز ، متعدد ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کر دیے

جوبائیڈن کا صدارتی آفس میں پہلا روز ، متعدد ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کر دیے
January 21, 2021

واشنگٹن (92 نیوز) امریکی صدر جوبائیڈن نے صدارتی آفس میں پہلے روز متعدد ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کر دیے۔

نئے امریکی صدرجوبائیڈن کی نائب صدر کمیلا ہیرس کے ہمراہ موسیقی کی دھنوں پر وائٹ ہاوس آمد ہوئی۔ اسٹاف سے ملاقات کی اور مبارکبادیں وصول کیں۔

جوبائیڈن نے دنیا کے طاقتور ترین صدر کا منصب سنبھالتے ہی ڈونلڈ ٹرمپ کے متعدد متنازع فیصلے منسوخ کر دیئے۔ جوبائیڈن نے بطور صدر پہلے روز مسلم ممالک پر عائد متنازع سفری پابندیوں کا خاتمہ، پیرس ماحولیاتی معاہدے کی بحالی، عالمی ادارہ صحت میں دوبارہ شمولیت اور تمام وفاقی اداروں میں ماسک لازمی پہننے کے بل سمیت 15 ایگزیکٹوآرڈرز کے ساتھ دو ایجنسی آرڈرز پر بھی دستخط کیے۔

ایگزیکٹو آرڈرز میں امریکا اور میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر روکنے، وفاقی حکومت میں تمام اقلیتوں کیلئے مساوات بڑھانے کی کوششیں اور کورونا کے خلاف جنگ مستحکم کرنے کے احکامات شامل ہیں۔

اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو میں نئے امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ وہ جو کچھ کرنے جا رہے ہیں اس سے خوف ختم ہو گا۔ ماحولیاتی تبدیلیوں اور کورونا کیخلاف ایسے اقدامات اٹھائے جائیں گے جو اب تک نہیں اٹھائے گئے۔

دوسری جانب دنیا بھر سے نئے امریکی صدر کیلئے مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ عالمی برادری نئی امریکی قیادت کے ساتھ ملکر کام کرنے کے عزم کا اظہار کر رہی ہے۔