Friday, April 26, 2024

وزیراعظم کا جنوبی وزیرستان میں آج ہی تھری جی ، فور جی انٹرنیٹ سروس شروع کرنے کا اعلان

وزیراعظم کا جنوبی وزیرستان میں آج ہی تھری جی ، فور جی انٹرنیٹ سروس شروع کرنے کا اعلان
January 20, 2021

وانا (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے جنوبی وزیرستان میں آج ہی تھری جی ، فور جی انٹرنیٹ سروس شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

عمران خان نے وانا میں عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا میں ووٹ لینے یا الیکشن کے وعدے نہیں کرنے آیا۔ 1947میں مسلمانوں پر ظلم ہوا تو وزیرستان سے لوگ کشمیر لڑنے کیلئے گئے تھے۔ تاریخ پڑھی ہے،سب جانتا ہوں،وزیرستان کے لوگ ہمیشہ ملک کیلئے کھڑے ہوئے۔ انگریز سے آزادی لینے کیلئے سب سے زیادہ قربانیاں وزیرستان کے عوام نے دیں۔

انہوں نے کہا تعلیم کے بعد سب سے بڑا چیلنج روزگار ہے۔ نوجوانوں کو روزگار دینے کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ بلوچستان اور جنوبی وزیرستان میں لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے ہیں۔ خوشی ہے وانا کے نوجوان بھی نمل یونیورسٹی میں پڑھتے ہیں۔ پسماندہ علاقوں میں کالجز ،یونیورسٹیاں اور اسپتال بنائیں گے۔ قبائلی علاقوں میں بےروزگاری کا مسئلہ حل کریں گے۔ محروم طبقے کو اوپر اٹھانا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے نوجوانوں میں امدادی چیک بھی تقسیم کیے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا قبائلی علاقے کا پختونخوا میں ضم ہونا بہت مشکل کام تھا۔ کافی کوشش کی گئی ، انتشار پھیلانے کی۔ خوشی ہے قبائلی علاقے کے لوگوں نے مل کر انضمام کو ممکن بنایا۔ وقت ثابت کرے گا یہ فیصلہ بہترین تھا۔ انہوں نے کہا قبائلی علاقے میں بڑوں کا خاص کردار ہے۔ جرگہ سسٹم کا متبادل اے ڈی آر میں بڑے ہی بیٹھیں گے۔ وزیرستان کی روایتوں کے مطابق بڑوں کو عزت دیں گے۔ وزیرستان کے ہر گھر کو ہیلتھ انشورنس دیں گے۔