Friday, April 26, 2024

سرکاری زمین جعلسازی سے ٹرانسفر، اینٹی کرپشن میں کھوکھر برادران و دیگر کیخلاف مقدمہ درج

سرکاری زمین جعلسازی سے ٹرانسفر، اینٹی کرپشن میں کھوکھر برادران و دیگر کیخلاف مقدمہ درج
January 19, 2021

لاہور (92 نیوز) کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری زمین جعلی طریقے سے ٹرانسفر کرانے پر اینٹی کرپشن میں کھوکھر برادران اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ریفرنس کے مطابق کھوکھر برادران کو ٹرانسفر کی گئی زمین کا جعلی طور پر باہمی تبادلہ انتقال درج کرایا گیا جبکہ انتقال شدہ زمین کے بدلے میں دوسری زمین سرے سے موجود ہی نہ تھی۔

ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ کی درخواست پر افضل کھوکھر اور سیف الملوک کھوکھر کے خلاف اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج کیا گیا۔

ڈی سی کے ریفرنس کے مطابق شیخوپورہ کے علاقہ شاہوکی ملیاں سے کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری زمین جعلی طریقے سے ٹرانسفر کرائی گی۔

نائب تحصیلدار چودھری فیروز دین، گرداور راؤ عاشق اور پٹواری منشی نوشیر علی اور دیگر مفاد کنندگان کو بھی مقدمہ میں نامزد کیا گیا۔

ریفرنس کے مطابق ملزمان نے محکمہ مال کے افسران کی ملی بھگت سے 1025  کنال 7مرلہ سرکاری زمین اپنے نام ٹرانسفر کی۔

2003 میں مذکورہ زمین سے 829 کنال 13 مرلہ زمین غیر قانونی طور پر افضل کھوکھر اور سیف الملوک کھوکھر کو ٹرانسفر کی گئی۔ عقیل حسین اور جمیل حسین نے جعلی طریقے سے 190 کنال بشیر احمد، محمد صدیق اور دیگر کو بھی ٹرانسفر کی۔

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق تمام زمین جعلی مالکان سے واگزار کرالی، پنجاب بھر میں کرپٹ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔