Tuesday, April 23, 2024

تجاوزات کے نام پرغریبوں کے گھر گرائے جا رہے ہیں، بلاول بھٹو

تجاوزات کے نام پرغریبوں کے گھر گرائے جا رہے ہیں، بلاول بھٹو
January 18, 2021

سکھر (92 نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حکومت پر پھر لفظی گولہ باری کرتے ہوئے کہا، تجاوزات کے خاتمے کے نام پرغریبوں کے گھر گرائے جا رہے ہیں۔

اُنہوں نے سکھر لیبر کالونی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے نظریہ اور منشور پر عمل پیرا ہے۔ شہید ذولفقار علی بھِٹو نے مزدورں کو حقوق دلائے، ہم نے پچھلے دور میں مزدوروں کے قوانین پاس کیے۔ پاکستان میں سب سے پہلے مزدوروں کے لیے پارٹ ٹائم ہم نے شروع کیا تھا۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور آصف زرداری نے بھی مزدوروں کو ان کے حقوق دلائے۔

اُن کا کہنا تھا ہم نے مزدوروں کے لیے انقلابی قانون سازی کی اسٹیل مل کے مزدوروں کو بیروزگار کیا جا رہا ہے۔ وفاقی حکومت کی کوشش ہے مزدوروں کو بے روزگار کیا جائے۔ ریڈیو پاکستان میں مزدورں کو بے روزگار کررہی ہے پیپلز پارٹی یہ ہونے نہیں دے گی۔

بلاول بھٹو بولے کہ ہماری کوشش ہمارا خواب ہے غریبوں کے لیے گھر بنائیں۔ عمران خان نے یہ منشور شہید ذولفقار علی کے منشور سے چوری کیا ہے۔ یہ جزائر پر قبضہ کرکے اور پنجاب میں راوی رور پر قبضہ کرکے بلڈر مافیا کو دے رہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا، پیپلز پارٹی محدود وسائل میں غریبوں کی مدد کررہی ہے۔ ہم مزدور کو اس کا حق دینا چاہتے ہیں۔ سندھ کے مزدوروں کو لاوارث نہیں چھوڑیں گے، کوئی معیشت ترقی نہیں کرسکتی جب تک مزدور کے مسائل حل نہیں ہونگے۔ انشاء اللہ مل کر مزدورں کی جدوجہد کو آگے لے کر چلیں گے۔

اُن کا مزید کہنا تھا سندھ میں بھی اداروں کو تباہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ہم ان کو ہر سازش سے ناکام بنائیں گے ان کو حکومت سے بھگائیں گے اورعوامی حکومت لائیں گے۔