Saturday, April 20, 2024

نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت سے نہیں ، نیب اعلامیہ

نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت سے نہیں ، نیب  اعلامیہ
January 17, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت سے نہیں۔ پبلک آفس ہولڈرز اور دیگر کےخلاف تحقیقات نیب کا مینڈیٹ ہے۔

 نیب نے اعلامیہ جاری کر دیا جس کے مطابق قومی احتساب بیورو کےخلاف یک طرفہ مہم چلائی جا رہی ہے۔ نیب کو بدنام کرنے کے لئے حقائق کے برخلاف مہم چلائی جا رہی ہے۔ ایک بار پھر واضح کر دیتے ہیں ہمارا تعلق کسی سیاسی جماعت سے نہیں۔ پبلک آفس ہولڈرز اور دیگر کیخلاف تحقیقات نیب کا مینڈیٹ ہے۔ کرپٹ عناصر کیخلاف کاروائی اور لوٹی رقوم برآمد کرنے کا قومی فریضہ نبھائیں گے۔

نیب اعلامیہ میں سلیم مانڈوی والا اور اعجاز ہارون کیخلاف ریفرنس کی تفصیل بھی شامل ہے۔ کڈنی ہلز کی زمین سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے جس کے مطابق سپریم کورٹ نے 2019 میں کڈنی ہلز کا سٹیٹس “فلاحی زمین” کے طور پر طے کیا ہے۔ کڈنی ہلز سے متعلق کے ڈی اے کا 1966 کا نوٹیفکیشن گزٹ آف پاکستان میں چھپا۔

اعلامیہ کے مطابق کے ڈی اے نے کڈنی ہلز کو پارک اور تفریحی جگہ کیلئے مختص قرار دیا تھا۔ اعجاز ہارون نے بیک ڈیٹڈ فائلیں تیار کر کے یہی زمین عبدالغنی مجید کو فروخت کی۔ مانڈوی والا نے سارے عمل میں اعجاز ہارون کی معاونت کی اورفوائد لئے۔

اعلامیہ میں کہا گیا نیب ارکان پارلیمنٹ کا احترام کرتا ہے۔ چئیرمین نیب سلیم مانڈوی والا کیس میں قانون  کے مطابق انصاف ہو گا ۔