Friday, March 29, 2024

پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے پیش قدمی جاری رکھیں گے، خواجہ سعد رفیق

پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے پیش قدمی جاری رکھیں گے، خواجہ سعد رفیق
January 17, 2021

لاہور (92 نیوز) رہنماء ن لیگ خواجہ سعد رفیق الزام لگاتے ہوئے کہتے ہیں، پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے پیش قدمی جاری رکھیں گے۔

اتوار کے روز سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا، انتقام کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری ہے، خواجہ آصف کو احتساب کے نام پر انتقام کے اسی شکنجے میں جکڑا گیا ہے۔ میاں نوازشریف سے لیکر دیگر اپوزیشن لیڈروں کو احتساب کے نام پر گرفتار کیا گیا۔ یہ پہلی حکومت ہے جو چاہتی ہے ملک میں انتشار پھیلے، ہم پہلی اپوزیشن ہیں جو پھونک پھونک کر قدم رکھ رہے ہیں۔ یہ قید و بند ہمیں متزلزل نہیں کرسکتی۔

اُن کا کہنا تھا پہلے نیب اب ایف آئی اے اور انٹی کرپشن کے ذریعے گرفتاریاں ہو رہی ہیں۔ پی ڈی ایم کا مقصد حکومت گرانا بنانا نہیں ہے۔ عمران خان نے آمریت کے خلاف کبھی جدوجہد نہیں کی۔

ن لیگی رہنماء بولے کہ پی آئی اے والے معاملے پر ملک کی بے عزتی ہوئی ہے، ملک اناڑیوں کے ہاتھ میں ہے جوکہ غیر محفوظ ہے۔ ملک میں دوبارہ شفاف الیکشن کروائے جائیں۔ یہ لوگ حدیں کراس کررہے ہیں ہم نہیں چاہتے کہ جب یہ جائیں تو ان سے بھی انتقام لیا جائے۔

اس موقع پر جنرل سیکرٹری ن لیگ عطاء تارڑ نے کہا، خواجہ آصف کے پاس رسیدیں بھی موجود ہیں، ان کا کیس پنڈی سے لاہور کن وجوہات کی بناء پر ٹرانسفر کیا گیا۔ فیصل واڈا کیس کا چھ ماہ میں جوئی فیصلہ نہیں آیا۔ انیس تاریخ کو الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاج کرینگے۔ ان لوگوں کے آٹا، چینی ادویات اور دیگر سکینڈل ہیں اور ہمیں این آر او کے طعنے دیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا، عمران خان کے اعصاب پر ہروقت اپوزیشن رہنماء سوار ہیں۔ ہم آپ کو کبھی بھی این آر او نہیں دینگے۔