Thursday, March 28, 2024

حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں ، عثمان بزدار

حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں ، عثمان بزدار
January 17, 2021

لاہور (92 نیوز) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں۔

عثمان بزدار نے کہا آج ایک طرف شفاف اور ایماندار قیادت ہے اور دوسری طرف عبرت کی تصویر بنے سابق حکمران۔ بد قسمتی سے پی ڈی ایم نے قومی مفادات کو بالائے طاق رکھا ہوا ہے۔ عوام نے کرپشن کو نہیں بلکہ شفافیت کو ووٹ دے کر منتخب کیا ہے۔ حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا یہ غیر فطری اتحاد وقت کے ساتھ ختم ہو رہا ہے۔ ووٹ کو عزت دو کا کھوکھلا نعرہ اپنی موت آپ مر چکا ہے۔ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ ترقی کے سفر میں روڑے اٹکانے والوں کو کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کے سفر میں کسی کو حائل نہیں ہونے دیں گے۔

 ادھر فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ کیا کہ تحریک انصاف کا مقابلہ آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن سے ہے۔ ٹیکسٹائل انڈسٹری 13 سال بعد بحال، برآمدات میں آٹھ سال بعد اضافہ اور کرنٹ اکاؤنٹ 20سال بعد سرپلس جا رہا ہے۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیراعلی عثمان بزدار نے 9 سال پرانے معاہدوں پر قومی مفاد میں نظرثانی کرنے کی روایت قائم کی۔ اس طرح کم ریٹس پر دوبارہ معاہدے کرکے قوم کے اربوں روپے بچائے۔

میٹروبس معاہدے پر 8 سال بعد نظرثانی کی گئی۔ نیا معاہدہ 368 روپے فی کلومیٹر کی بجائے 213 روپے فی کلومیٹر پر کیا گیا۔ سولر پاور پلانٹ معاہدہ پر 8 سال بعد نظرثانی کی گئیاور 20 امریکی سینٹ کی بجائے صرف 2.37 امریکی سینٹ فی یونٹ بجلی پر معاہدے کئے۔ پنجاب میں 74 سال بعد 181 ارب روپے مالیت کی زمین قبضہ مافیا سے واگزار کروائی گئی۔ گزشتہ 10 سالوں میں اینٹی کرپشن نے صرف 43 کروڑ کی ریکوری کی جبکہ پی ٹی آئی حکومت نے 27 ماہ میں کرپٹ افراد سے 206 ارب روپے ریکور کرکے حکومتی خزانے میں جمع کروائے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا یہ ہے تبدیلی، یہ ہے کپتان کا نیا پاکستان۔ وزیراعظم عمران خان کے کرپشن کےخلاف جہاد کی وجہ سے قوم ان کرپٹ لٹیروں کی زور دار چیخیں سن رہی ہے۔