Saturday, April 20, 2024

خوشی ہے کراچی کیلئے مل کر کام ہو رہا ہے ، وزیر اعلیٰ سندھ

خوشی ہے کراچی کیلئے مل کر کام ہو رہا ہے ، وزیر اعلیٰ سندھ
January 16, 2021

کراچی ( 92 نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ خوشی ہے کراچی کے لیے مل کر کام ہورہا ہے،کراچی میں بارشوں کےبعدوفاقی،صوبائی حکومت نے نکاسی آب کیلئےپلان بنایا۔

وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت، این ڈی ایم اے اور پاک آرمی کے شکر گزار ہیں،پہلے تین بڑے نالوں پرکام شروع کریں گے،عمومی طور پر تجاوزات ہٹانا ایک مسئلہ بن جاتا ہے، محمود آباد نالے سے تجاوزات ہٹانے کا کام پرامن طریقے سے جاری ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کوشش ہے مئی جون سے پہلے نالوں پر کام ختم کردیں گے۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے  کہا کہ بہت سے منصوبے وفاق اور بہت سے صوبے کی ذمہ داری ہیں،تجاوزات ہٹانا سندھ حکومت کی ذمہ داری تھی جو تقریباً مکمل ہوگیا ہے۔جب سب مل کر کام کرتے ہیں تو بہتر نتائج نکلتے ہیں،این ڈی ایم اے پرعزم ہے، ہمارا کام ان کے آگے سے رکاوٹیں ہٹانا ہے،ہمارے پاس سیاست کرنے کے اور بہت سے طریقے ہیں،سیاسی جماعتوں کو ترقی کے کاموں کیلئے مل کرہی کام کرنا چاہئے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ  کراچی والے ہماری اور سندھ حکومت کی طرف دیکھ رہے تھے،کمیٹی بنا دی ہے جس کا کام صحیح مردم شماری کو یقینی بنانا ہے،جزائر کے معاملے پر وفاق اور صوبے کا اپنا اپنا مؤقف ہے، وفاق اور صوبے کو مل کر جزائر کے حوالے سے معاملہ حل کرنا چاہئے۔

انہوں نےمزید کہا کہ ایم ایل ون سے قبل ہی کے سی آر مکمل ہوجائے گا،کراچی پیکیج کے حوالے سے تمام تفصیلات اگرسندھ حکومت چاہے تو پبلک کردے۔