Thursday, April 25, 2024

وزیراعظم کی وزیراعلیٰ بزدار کو انصاف کی فراہمی میں حائل اہلکاروں کو کڑی سزا دینے کی ہدایت

وزیراعظم کی وزیراعلیٰ بزدار کو انصاف کی فراہمی میں حائل اہلکاروں کو کڑی سزا دینے کی ہدایت
January 15, 2021

لاہور (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے انصاف کی فراہمی کی راہ میں حائل اہلکاروں کو کڑی سے کڑی سزا دینے کی ہدایت کردی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کو پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کا ٹاسک سونپ دیا۔

وزیراعظم عمران خان نے پنجاب پولیس کو ٹاسک دے دیا۔ کہا کہ انصاف کی فراہمی کی راہ میں حائل اہلکاروں کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔ کوئی قانون سے بالاتر نہیں۔ پولیس کسی سیاسی اثر و رسوخ کو خاطر میں نہ لائے۔

دورہ لاہور کے دوران وزیراعظم کی زیر صدارت پنجاب پولیس میں اصلاحات اور کارکردگی سے متعلق اجلاس ہوا، آئی جی پنجاب انعام غنی نے بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے کہا پنجاب پولیس کا امیج بہتر کرنے کی ضرورت ہے، جب آپ بڑے جرائم پیشہ افراد کو قانون کی گرفت میں لائیں گے تو چھوٹے جرائم پیشہ عناصر کے لئے یہ سبق ہو گا۔

وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔ جس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب میں سینٹ الیکشن کی تیاری اور اپوزیشن سے رابطوں سے متعلق بھی بتایا۔ ساتھ ہی پنجاب حکومت کے انتظامی امور اور کابینہ کارکردگی پر بریفنگ بھی دی۔

وزیراعظم کو لاہور میں قبضہ مافیا کے خلاف اقدامات سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت نے دوسال کے دوران لاہور میں اکتیس ارب روپے مالیت کی زمین قبضہ مافیا سے واگزار کرائی۔