Tuesday, March 19, 2024

آرمی چیف کو کور کمانڈر پشاور کی سکیورٹی اور سرحدی اُمور پر بریفنگ

آرمی چیف کو کور کمانڈر پشاور کی سکیورٹی اور سرحدی اُمور پر بریفنگ
January 15, 2021

راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے استقبال کیا، سکیورٹی اور سرحدی اُمور پر بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعہ کے روز کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، آرمی چیف کی آمد کے موقع پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے اُن کا استقبال کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف کو سلامتی کی صورتحال، باڑ کی تنصیب سمیت سرحدی انتظام پر بریفنگ دی گئی۔ ایف سی اور پولیس کی استعداد کار میں اضافے پر اقدامات بھی بریفنگ کا حصہ تھے۔

ترجمان کے مطابق آرمی چیف نے پشاور کور کے افسران اور جوانوں کے عزم و ہمت کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے مستحکم قبائلی اضلاع کیلئے پولیس، ایف سی سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشتگردی کیخلاف امن کیلئے مقامی آبادی کے مسلح افواج سے تعاون کو کلیدی قرار دیا۔

آرمی چیف نے کہا، مشکل سے حاصل کردہ کامیابیاں، پائیدار امن اور ترقی پر منتج ہوں گی، بین الافغان امن مذاکرات کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا، پرامن افغانستان کا مطلب پرامن پاکستان ہے۔