Thursday, April 25, 2024

جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز، بابر اعظم کی قیادت میں 20 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان

جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز، بابر اعظم کی قیادت میں 20 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان
January 15, 2021

لاہور (92 نیوز) جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے 20 رکنی قومی کرکٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا، بابر اعظم کپتان جبکہ محمد رضوان نائب کپتان ہوں گے۔

پروٹیز کے مقابلے کیلئے کون کون سے شاہین ان ایکشن ہوں گے، جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 20 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا، قومی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے۔

اوپننگ بلے بازوں میں عابد علی، عبداللہ شفیق، عمران بٹ شامل ہیں۔ اظہر علی، فوادعالم، سلمان علی آغا اور ٹیم میں پہلی بار جگہ بنانے والے کامران غلام اور سعود شکیل مڈل آرڈر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

آل راؤنڈرز فہیم اشرف، محمد نواز جبکہ نائب کپتان محمد رضوان اور سرفراز احمد وکٹ کیپر کے طور پر ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے۔

اسپن باؤلرز یاسر شاہ، ساجد خان اور نعمان علی پروٹیز کو اپنی گیندوں سے گھمائیں گے۔

فاسٹ باؤلنگ میں ڈیڑھ سال بعد ٹیم میں واپسی کرنے والے حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور تابش خان جنوبی افریقہ کی وکٹیں اڑایں گے۔

حارث سہیل، شان مسعود، نسیم شاہ اور شاداب خان ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے، امام الحق انجری کے باعث اسکواڈ کا حصہ نہیں بن سکے۔

چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے سب کی مشاورت سے ٹیم سلیکٹ کی، کھلاڑیوں کا انتخاب پرفارمنس کی بنیاد پر ہوا۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم کل پاکستان پہنچے گی، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 جنوری کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔