Tuesday, April 16, 2024

ملک کے مختلف علاقوں میں آج پھر دھند کے ڈیرے

ملک کے مختلف علاقوں میں آج پھر دھند کے ڈیرے
January 15, 2021

لاہور (92 نیوز) ملک کے مختلف علاقوں میں آج پھر دھند نے ڈیرے ڈال لیئے ہیں۔ حد نگاہ کم ہونے سے موٹروے ایم ٹو کو لاہور سے اسلام آباد تک بند کر دیا گیا۔

موٹر وے ایم ون پشاور سے صوابی ، ایم تھری لاہور سے درخانہ اور ایم فور پنڈی بھٹیاں سے شام کوٹ تک بھی بند ہے۔ ایم فائیو پر ملتان سے سکھر تک بھی گاڑیوں کا داخلہ ممنوع ہے۔ قومی شاہراہ پر پتوکی، رینالہ خورد، اوکاڑہ، ساہیوال اور ہڑپہ میں بھی دھند ہی دھند ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے میدانی علاقوں، بالائی سندھ میں شدید دھند چھاۓ رہنے کا امکان ہے۔ خطۂ پوٹھوہار میں چند مقامات پر کہر، شدید دھند چھاۓ رہنے کی توقع ہے۔ کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا، شمالی بلوچستان میں موسم شدید سرد رہے گا۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ اسلام آباد میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا۔ اسلام آباد اور گردونواح میں صبح کے اوقات میں دھند چھاۓ رہنے کی توقع ہے۔ کشمیر میں موسم شدید سرد، مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد، مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں آج موسم شدید سرد رہے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے ڈی آئی خان اور گرد و نواح میں دھند چھاۓ رہنے کی توقع ہے۔ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ راولپنڈی، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، خوشاب، سرگودھا، فیصل آباد میں شدید دھند چھاۓ رہنے کی توقع ہے۔ اٹک، چکوال، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شدید دھند چھاۓ رہنے کی توقع ہے۔ جھنگ، اوکاڑہ، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان میں بھی شدید دھند چھاۓ رہنے کی توقع ہے۔ پنجاب کے دیگر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک، شمالی پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہے گا۔