Friday, April 26, 2024

عالمی سطح پر کورونا سے اموات میں تیزی ، ہلاکتیں 19 لاکھ 86 ہزار سے بڑھ گئیں

عالمی سطح پر کورونا سے اموات میں تیزی ، ہلاکتیں 19 لاکھ 86 ہزار سے بڑھ گئیں
January 14, 2021

واشنگٹن (92 نیوز) عالمی سطح پر کورونا سے اموات میں تیزی آ گئی۔ دنیا میں ہلاکتیں 19 لاکھ 86 ہزار سے بڑھ گئیں۔

 کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 9 کروڑ 27 لاکھ تک جا پہنچی۔ امریکا میں ایک روز میں مزید 4 ہزار 98 افراد چل بسے۔ مرنے والوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 94 ہزار ہو گئی۔ برطانیہ میں مزید ایک ہزار 564، میکسیکو میں ایک ہزار 314 افراد کورونا سے زندگی کی بازی ہار گئے۔ برازیل میں مزید ایک ہزار 283، جرمنی میں ایک ہزار 201 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

دوسری طرف عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او نے دنیا کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق کورونا وائرس کا دوسرا سال پہلے کی نسبت ذیادہ خطرناک ہو سکتا ہے۔ کورونا وائرس کی دوسری لہر نے امریکہ اور یورپ میں جو تباہی مچائی ہے وہ پہلے سال کی نسبت ذیادہ خطرناک اور چیلنجنگ ثابت ہو گی۔

ڈبلیو ایچ او کے ایمرجنسی آفسر مائیک رین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پھیلاؤ کو روکنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ مائیک رین کے مطابق شدید سردی کی وجہ سے لوگ گھروں میں قید ہیں اور سماجی فاصلے کا خیال نہیں رکھ رہے جس کی وجہ سے کورونا کا پھیلاؤ خطرناک حد تک بڑھ سکتا ہے۔ اسی وجہ سے یورپ نے ایک بار پھر سخت ترین پابندیوں کا طلاق کر دیا ہے۔

 ادھر موذی وائرس کی تحقیقات کے لیے عالمی ادارہ صحت  کے ماہرین کی ٹیم ووہان پہنچ گئی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کی 10 ماہرین پر مشتمل ٹیم چینی سائنسدانوں کیساتھ مل کر کورونا وائرس کی ابتداء سے متعلق تحقیق کرے گی۔