Friday, April 26, 2024

مودی سرکار کو شکست، بھارتی سپریم کورٹ نے متنازعہ زرعی قوانین پر عملدرآمد روک دیا

مودی سرکار کو شکست، بھارتی سپریم کورٹ نے متنازعہ زرعی قوانین پر عملدرآمد روک دیا
January 12, 2021

نئی دہلی (92 نیوز) پُرعزم بھارتی کسانوں کا احتجاج رنگ لے آیا، بھارتی سپریم کورٹ نے متنازعہ زرعی قوانین پر عملدرآمد روک دیا۔ بحران کے حل کیلئے ماہرین کی 4 رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی۔ بھارتی چیف جسٹس کہتے ہیں کہ سپریم کورٹ کسانوں کے حقوق کی حفاظت کرے گی۔

فاشسٹ مودی کو قانونی محاذ پر کسانوں کے ہاتھوں بدترین شکست کا سامنا۔ بھارتی سپریم کورٹ نے متنازعہ زرعی قوانین پر عملدرآمد روک دیا۔

بھارتی سپریم کورٹ نے نریندر مودی کو کسانوں کے حقوق پر ڈاکا مارنے سے روکتے ہوئے تینوں متنازعہ زرعی قوانین غیر معینہ مدت کیلئے معطل کر دیئے، اور مودی حکومت کو ان کے نفاذ سے روک دیا ہے، بھارتی چیف جسٹس کہتے ہیں سپریم کورٹ کسانوں کے حقوق کی حفاظت کرے گی۔

بھارتی سپریم کورٹ نے بحران سے نمٹنے کیلئے زرعی ماہرین کی 4 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جو کسانوں کے تحفظات سن کر متنازعہ قوانین سے متعلق رپورٹ مرتب کرے گی۔

مودی حکومت نے گزشتہ برس ستمبر میں متنازعہ زرعی قوانین منظور کئے تھے۔ جن کیخلاف بھارتی کسانوں کا پُر عزم احتجاج جاری ہے، اور ہزاروں کسان سخت سردی کے باوجود مسلسل دوسرے مہینے بھی دہلی کے داخلی راستوں پر دھرنے دیئے بیٹھے ہیں۔