Saturday, March 30, 2024

ایل او سی خلاف ورزیوں پر بھارتی سینئر سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی، احتجاجی مراسلہ سپرد

ایل او سی خلاف ورزیوں پر بھارتی سینئر سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی، احتجاجی مراسلہ سپرد
January 12, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) بھارتی قابض فورسز کی لائن آف کنٹرول پر فائر بندی انتظام کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارتی سینئر سفارت کار کی دفترخارجہ طلب کیا گیا، پاکستان نے بھارت سے ایل اوسی پر اشتعال انگیزیوں پر شدید احتجاج کیا، احتجاجی مراسلہ تھما دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کے مطابق بھارتی فورسز نے 11 جنوری کو ایل او سی کے نیزہ پیر سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی۔ قابض بھارتی فورسز کی فائرنگ سے تائی موہڑی گاؤں کا 10 سالہ محمد ظہیر شدید زخمی ہوا۔ رواں سال 2021 کے آغاز سے اب تک بھارت فائر بندی انتظام کی 48 خلاف ورزیاں کر چکا جس کے نتیجے میں میں اب تک 3 معصوم شہری شدید زخمی ہوئے۔ بھارت کا معصوم شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے۔

ترجمان کے مطابق، لائن آف کنٹرول، ورکنگ باونڈری پر شہری آبادی بھارتی فورسز کا نشانہ ہے۔ نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین، اقدار کے منافی ہے۔ بھارت کی پے در پے اشتعال انگزیزیاں علاقائی امن کے لیے خطرہ ہیں۔

زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ بھارت، ایسے ہتھکنڈوں سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے دنیا کو گمراہ نہیں کر سکتا، بھارت اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے۔ بھارت 2003ء کے جنگ بندی انتظام کی پاسداری کرے۔ اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن کو ایل او سی پر فعال کیا جائے۔