Tuesday, April 23, 2024

احتساب کے نام پر ناٹک کا مقصد اپوزیشن کو کمزور کرنا ہے، احسن اقبال

احتساب کے نام پر ناٹک کا مقصد اپوزیشن کو کمزور کرنا ہے، احسن اقبال
January 12, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنماء احسن اقبال کہتے ہیں کہ احتساب کے نام پر ناٹک کا مقصد اپوزیشن کو کمزور کرنا ہے۔ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے پی ڈی ایم مزید مضبوط ہوگی۔

منگل کے روز احتساب عدالت اسلام آباد میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ حکومت پاکستان تحریک انصاف کی نہیں، احتساب کے نام پر لوگوں کو جیل میں ڈال کر ان کی کردار کشی کی جاتی ہے۔ ڈیڑھ سال پہلے مجھ پر الزام لگایا کہ 70 ارب روپے کمیشن کھائے ہیں، آج تک یہ اس پر جے آئی ٹی نہ بنا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ملتان سکھر موٹر وے چین کی حکومت نے بنائی ہے، پاکستان کا پیسہ خرچ نہیں ہوا۔ آپ ہمارے دوست ملک چین پر الزام لگا رہے ہیں جس نے پاکستان کا ہاتھ پکڑا۔ پاکستان کے اندر آپ کے وزیر چین کی حکومت پر کرپشن کے الزامات لگاتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ آج سی پیک رُک ہو چکا ہے۔ یہ پاک چین تعلقات اور دوستی کو سبوتاژ کر رہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا، میرے ہاتھوں سے 32 سو ارب روپے نکلے ہیں۔ پلاننگ منسٹری میں، 32 روپے کی کرپشن ثابت کرو۔ جن لوگوں نے محنت، دیانت داری سے ملک چلایا ان کیخلاف مقدمات بنائے جا رہے ہیں۔ ہم نے منصوبوں کی لاگت میں کمی کر کے پاکستان کا پیسہ بچایا ہے۔

احسن اقبال بولے کہ ریفرنس میں لکھا گیا کہ اسپورٹس کمپلیکس کی سہولت پاکستان میں کہیں نہیں تھی، آپ نے کیوں بنا دی؟۔ نارووال کوئی اسرائیل میں ہے؟، یہ جرم نہیں ہے، یہ جرم بار بار کروں گا، دوبارہ موقع ملا تو ملک کے دیگر حصوں میں بھی اسپورٹس کمپلیکس بنائیں گے۔