Friday, April 19, 2024

کراچی کے علاقے سائٹ کی کیمیکل فیکٹری میں آتشزدگی، شہر بھر سے فائر ٹینڈرز طلب

کراچی کے علاقے سائٹ کی کیمیکل فیکٹری میں آتشزدگی، شہر بھر سے فائر ٹینڈرز طلب
January 9, 2021

کراچی (92 نیوز) کراچی کے علاقے سائٹ ایریا ہارون آباد میں کیمیکل کی فیکٹری میں آگ لگ گئی، فائربریگیڈ حکام نے تیسرے درجے کی آگ قرار دے کر شہر بھر سے فائر ٹینڈر طلب کرلئے۔ 8 زخمیوں سمیت 15 سے زائد مزدوروں کو فیکڑی سے نکال لیا گیا۔

سائٹ ایریا ہارون آباد میں کیمیکل فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی۔ ابتدائی اطلاع پر فائربریگیڈ کی دو گاڑیاں موقع پر پہنچیں، تاہم آگ کی شدت دیکھتے ہوئے مزید فائربریگیڈ طلب کی گئیں۔

عینی شاہدین کے مطابق فیکٹری میں پھنسے مزدروں کو دیواروں پر سیڑیاں لگا کر باہر نکالا گیا۔ دو مزدور دھویں اور آگ کے بیچ میں پھنس گئے، اِن کو بچانے کے لئے اسنارکل کی مدد لی گئی۔ بہت کوششوں کے بعد دونوں مزدوروں کو نکال لیا گیا۔

دونوں مزدوروں کو ریسکیو کرنے والی ٹیم کے انچارج مزدوروں کی زندگی بچنے پر اللہ کا شکرادا کیا۔

ریسکیوں حکام نے آٹھ زخمیوں سمیت کئی مزدوروں کو فیکٹری سے نکالا، آگ کی شدت بڑھنے کے ساتھ فیکٹری سے دھماکوں کی آوازیں آنے لگیں۔

فائربریگیڈ حکام نے آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے دیا اور شہر بھر سے فائرٹینڈر طلب کرلئے۔

واٹربورڈ حکام نے نیپا اور سخی حسن ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کر دی، پانی سے بھرے ٹینکر فیکڑی کے لئے روانہ کئے گئے۔

فیکٹری میں اس وقت بھی آگ بھڑک رہی ہے اور فائربریگیڈ کا عملہ آگ بجھانے کی کوشش کر رہا ہے۔

چیف فائر آفیسر مبین احمد کا کہنا ہے کہ آگ کو پھیلنے سے روک لیا گیا ہے اور اسے مکمل طور پر بجھانے میں دو سے تین گھنٹے لگ سکتے ہیں۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کا کہنا ہے کہ سائٹ کی کیمیکل فیکٹری میں آگ لگنے کے 15 سے 20 منٹ میں رسپانس کیا گیا، خوش قسمتی سے فیکٹری میں زیادہ لوگ نہیں تھے۔