Wednesday, April 24, 2024

بلوچستان حکومت اور دھرنا مظاہرین میں مذاکرات کامیاب، ورثا کا میتوں کی تدفین کا اعلان

بلوچستان حکومت اور دھرنا مظاہرین میں مذاکرات کامیاب، ورثا کا میتوں کی تدفین کا اعلان
January 9, 2021

کوئٹہ (92 نیوز) بلوچستان حکومت اور دھرنا مظاہرین میں مذاکرات کامیاب ہوگئے، ورثا نے میتوں کی تدفین کا اعلان کردیا۔

دھرنے کے مقام سے تمام جسد خاکی امام بارگاہ ولی عصر منتقل کردیئے گئے۔ میتوں کی آج صبح 10 بجے تدفین کی جائے گی۔

دھرنا منتظمین کا کہنا ہے ہمارے تمام مطالبات مان لیے گئے ہیں، وزیراعظم عمران خان، وزیراعلی بلوچستان اور وفاقی وزراء کے مشکور ہیں۔

ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کہا شہداء کی تدفین ہوتے ہی وزیراعظم عمران خان کوئٹہ پہنچیں گے، آرمی چیف بھی ہمراہ ہوں گے۔

وفاقی وزیر علی زیدی نے دھرنا مظاہرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہزارہ برادری سے جاری ظلم کو اختتام پر پہنچنا ہوگا۔ کہا کہ، ماضی میں گورننس بہتر ہوتی تو بے گناہ شہید نہ ہوتے۔ یقین دلاتا ہوں اب حالات بہتری کی طرف جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کبھی کسی حکومت نے آپ کے ساتھ تحریری معاہدہ نہیں کیا، بہت ساری قوتیں پاکستان کو آگے جانے سے روک رہی ہیں۔ انٹیلی جنس اداروں نے بہت سے واقعات ہونے سے پہلے روکے۔ وزیراعظم کہہ رہے ہیں بیرونی طاقتیں مذہبی فسادات کرانا چاہتی ہیں۔

حکومت اور دھرنا منتظمین کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی تفصیلات کے مطابق مچھ واقعہ میں نااہلی برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ واقعہ پر صوبائی وزیرداخلہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا کمیشن قائم کردیا گیا۔

معاہدے کے مطابق حکومت بلوچستان کی جانب سے شہداء کے لواحقین کو فی کس 15 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ وفاقی اور صوبائی سکیورٹی ادارے بلوچستان میں سکیورٹی صورتحال کا ازسر نو جائزہ لیں گے۔ معاہدے کے تحت نادرا پاسپورٹ اور امیگریشن دفاتر میں ہزارہ برادری کو درپیش مشکلات دور کی جائیں گی۔ معاہدے میں یہ بھی طے پایا کہ شہداء کے شرعی وارث کو حکومت بلوچستان ملازمت دے گی۔