Friday, April 19, 2024

جوبائیڈن کی فتح کی تصدیق کا عمل ، ٹرمپ کے حامیوں نے کانگریس پر دھاوا بول دیا

جوبائیڈن کی فتح کی تصدیق کا عمل ، ٹرمپ کے حامیوں نے کانگریس پر دھاوا بول دیا
January 7, 2021

واشنگٹن (92 نیوز) نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن کی الیکٹورل کالج میں فتح کی باقاعدہ توثیق سے قبل ٹرمپ کے حامیوں نے امریکی کانگریس پر دھاوا بول دیا۔

 مظاہرین نے کیپیٹل ہل کی عمارت میں ہنگامہ آرائی کی وہ داستان رقم کی جس کی مثال امریکی تاریخ میں نہیں ملتی۔ مظاہرین کے حملے کے بعد امریکی ایوان نمائندگان اور سینٹ میں ہنگامی وقفہ ہوا اورسیکورٹی فورسز نے کانگریس کے دفاتر کو خالی کرا لیا۔

کشیدہ حالات کے پیش نظر واشنگٹن ڈی سی میں کرفیو نافذ کر دیا گیا۔ ٹرمپ کے حامیوں اورپولیس میں پُرتشدد جھڑپوں کے بعد کیپٹل ہل کو لاک ڈاؤن کر دیا گیا۔

امریکی سیکورٹی فورسز نے مظاہرین کو پیچھے دھکیلا اور کانگریس کی عمارت کو حفاظتی حصار میں لے کر ایوان نمائندگان اور سینیٹ کا اجلاس دوبارہ شروع کرایا۔

جب ہر طرف تباہی پھیل چکی تو ٹرمپ کو بھی امن و امان برقرار رکھنے کی ذمہ داری یاد آ گئی۔ حامیوں کے نام پیغام میں ان سے پرامن رہنے کی اپیل کی اور کہا کہ ریپبلکن پارٹی تشدد نہیں، بلکہ لا اینڈ آرڈر کی پاسدار ہے۔

واشنگٹن ڈی سی میں حالات تاحال کشیدہ ہیں اور سیکورٹی ہائی الرٹ ہے۔

 ادھر ڈونلد ٹرمپ کو مظاہرین کو اکسانا مہنگا پڑ گیا۔ ٹویٹر انتظامیہ نے امریکی صدر کا ٹویٹر اکاؤنٹ 12 گھنٹوں کیلئے لاک کر دیا۔ ٹویٹر انتظامیہ کا کہنا تھا جب تک ٹرمپ ٹویٹ نہیں ہٹائیں گے ان کا اکاؤنٹ لاک رہے گا۔ ٹرمپ باز نہ آئے تو اکاؤنٹ مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔