Friday, March 29, 2024

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ، نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز 659 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ، نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز 659 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی
January 5, 2021

کرائسٹ چرچ (92 نیوز) کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کی میچ میں پوزیشن مضبوط ہو گئی۔ نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز 6 وکٹیں 659 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی۔

 قومی ٹیم پر اننگز کی شکست کے بادل منڈلانے لگے۔ کیویز کی دوسرے ٹیسٹ پر گرفت مضبوط ہو گئی۔ تیسرے روز کین ولیمسن ،ہنری نکولس اور ڈیرل مچل نے قومی باؤلرز پر  خوب لاٹھی چارج کیا۔

بلیک کیپس نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 286 رنز پر تیسرے روز کھیل کا آغاز کیا تو کین ولیمسن اور ہنری نکولس نے  شاندار  بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ پر 369 رنز کی ریکارڈ پارٹنر شپ قائم کی۔ کین ولیمسن نے 238 اور ہنری نکولس نے 157 رنز کی اننگز کھیلی۔

ڈیرل مچل نے بھی پاکستانی باؤلرز کو نشانے پر رکھتے ہوئے 102 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ بلیک کیپس نے پہلی اننگز 6 وکٹ 659 رنز پر ڈکلیئر کر کے پہلی اننگز میں 362 رنز کی برتری حاصل کی۔

قومی ٹیم نے دوسری اننگز 362 رنز کے خسارے سے شروع کی تو اوپنر شان مسعود ایک بار پھر کھاتے کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔

دن کے اختتام پر پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 8 رنز بنائے۔ عابد علی 7 اور نائٹ واچ مین محمد عباس ایک رن بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ پاکستان کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 354 رنز درکار ہیں۔