Friday, March 29, 2024

ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار ، کہیں بارش اور کہیں ژالہ باری

ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار ، کہیں بارش اور کہیں ژالہ باری
January 5, 2021

اسلام اباد (92 نیوز) ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے۔ کہیں بارش ، کہیں برفباری اور کہیں ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔

لاہور میں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا۔ گزشتہ رات شہر میں 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ آج بھی بادل برسنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ فیصل آباد اور گردونواح میں موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا۔ پنجاب کے دیگر علاقوں میں بارش اور ژالہ باری سے سردی بڑھ گئی۔

ضلع استور کے بالائی علاقوں میں گزشتہ رات سے برف باری جاری ہے۔ نانگاپربت  ، رٹوویلی، شنکرگڑھ اور شوداس ویلی میں برف باری سے رابطہ سڑکیں بند ہیں۔ مظفرآباد میں بارش اور برف باری کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے۔ آزاد کشمیر کی بیشتر شاہراہیں  لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہیں۔ چترال میں لیویز اہلکار برف باری میں پھنسے لوگوں کی خدمت میں پیش پیش۔ لیویز اہلکاروں کی برف میں پھنسی گاڑی سے بچوں کو نکالنے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق طاقتور مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں پر موجود ہے جو منگل کے روز تک بر قرار رہے گا۔ اس دوران میدانی علاقوں میں بارش، ژالہ باری اور بالائی علاقوں میں برف باری جاری رہےگی۔ آج مری میں بھی برف باری کا امکان ہے۔