Friday, March 29, 2024

حکومت اور اپوزیشن ایک ایجنڈے پر اکٹھے ہوں، چودھری شجاعت

حکومت اور اپوزیشن ایک ایجنڈے پر اکٹھے ہوں، چودھری شجاعت
January 1, 2021

لاہور (92 نیوز) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ پاکستان سمیت پوری دنیا کی معیشت پر برا وقت ہے، حکومت اور اپوزیشن ایک ایجنڈے پر اکٹھے ہوں۔

مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے بشپ لاہور سباسٹین فرانسس شا اور سابق بشپ آف لاہور ڈاکٹر الیگزینڈر جان ملک نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر، شافع حسین، جی ایم سکندر، پادری شاہد معراج اور جانسن برنارڈ بھی موجود تھے۔

اس موقع پر چودھری شجاعت حسین نے کہا، 2020 میں مزدور اورتنخواہ دار طبقہ پستا رہا، تمام مذاہب، تنظیمیں، حکومت اور اپوزیشن سب کچھ بھول کر ملکی تحفظ کیلئے مہنگائی، بیروزگاری کے خاتمے کے ایجنڈے پر کام کریں۔ اگر امیر نے غریب کا احساس نہ کیا اور غریب نے امیر کا ساتھ چھوڑ دیا تو حالات اس طرف چلے جائیں گے جس کا ذکر زبان پر بھی نہیں لایا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ جنوری 2022ء تک بہتری نہ آئے تو پرانے ایجنڈے پر واپس چلے جائیں۔ حکومت اور اپوزیشن کسی کو گرانے اور بچانے کے بجائے ایک سال تک اس ایجنڈے پر اکٹھے ہوں۔ مجھے امید ہے کہ انشاء اللہ کامیابی ملے گی۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی بولے کہ میری دعا ہے کہ نیا سال ملک کیلئے خوشیاں لائے، اللہ کریم ملک کو سیاسی عدم استحکام سے محفوظ رکھے، 2020ء میں قوم نے بہت مشکل حالات دیکھے، دعا ہے کہ 2021ء کورونا کے خاتمے کا سال ثابت ہو اور معاشی صورتحال میں بہتری اور ترقی کا پہیہ تیز ہو۔

اسپیکر چودھری پرویزالٰہی اور شافع حسین نے مسیحی رہنماؤں بشپ لاہور سباسٹین فرانسس شا اور سابق بشپ ڈاکٹر الیگزینڈر جان ملک کے ساتھ مل کر کیک کاٹا اور انہیں کرسمس اور نئے سال کی مبارکباد بھی دی۔