Friday, April 26, 2024

مولانا فضل الرحمان اور مسلم لیگ فنکشنل کے محمد علی درانی میں ملاقات، سیاسی صورتحال پر گفتگو

مولانا فضل الرحمان اور مسلم لیگ فنکشنل کے محمد علی درانی میں ملاقات، سیاسی صورتحال پر گفتگو
December 31, 2020

لاہور ( 92 نیوز) مولانا فضل الرحمان سے مسلم لیگ فنکشنل کے محمد علی درانی نے ملاقات کی ، ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کی ۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ  محمد علی درانی کی سوچ کو مثبت کہا جا سکتا ہے ، ہمارا ایک واضح موقف ہے  کہ یہ حکومت عوام کی نمائندہ حکومت نہیں ، اس جعلی حکومت کے ہوتے ہوئے مذاکرات نہیں ہو سکتے  ، جو قابل عمل بات ہوگی اس پر عمل کیا جائے گا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ  تمام ممبران کے اپنی اپنی پارٹیوں کے پاس استعفے پہنچ چکے ہیں ، ہم   پہلے سے بہت مضبوط ہو چکے ہیں ، کل اجلاس میں پیپلزپارٹی  کی تجاویز سامنے آجائینگی ،  کسی ایک فرد کے فیصلے کو نہیں دیکھا جاتا۔

محمد علی درانی نے کہا کہ پیر پگارا کا پیغام لے کر آیا تھا ،  اس وقت جو ملک کے حالت ہیں اس پر تفصیلی بات ہوئی ، ملک کو  ٹکراؤ سے بچانے کیلئے نئے راستے بنانے چاہئیں ، مولانا سے ملاقات بہت مفید رہی ، آج کی ملاقات کے بعد آگے بہت  سے راستے نکلیں گے ۔

محمد علی درانی کا کہنا تھا کہ 2021 کا سال اچھی شروعات  لے کر آئے گا ، اختلاف آگے روشن اتفاق میں بدلے گا ، گرینڈ ڈائیلاگ سے پہلے ایجنڈ اسیٹنگ ضروری ہے ۔

صحافی کے بلاول بھٹو سے بھی ملاقات سے متعلق سوال کے جواب میں محمد علی درانی کا کہنا تھا کہ ملاقات کا کوئی شیڈول نہیں ، ٹریک ٹو ڈائیلاگ میں ملاقات شیڈول نہیں ہوتی ۔