Thursday, March 28, 2024

بھارت 2020ء میں علاقائی امن و استحکام کے درپے رہا، ایل او سی خلاف ورزیوں میں ریکارڈ اضافہ

بھارت 2020ء میں علاقائی امن و استحکام کے درپے رہا، ایل او سی خلاف ورزیوں میں ریکارڈ اضافہ
December 31, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) سال دوہزاربیس کے دوران بھارت بدستور علاقائی امن و استحکام کے درپے رہا۔ لائن آف کنٹرول پرفائر بندی انتظام کی بھارتی خلاف ورزیوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔ لائن آف کنٹرول کے باسی ہی نہیں اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن بھی بھارتی دہشتگردی سے محفوظ نہ رہ سکا۔

سال 2020ء، بھارت کی پاکستان دشمنی عروج پر رہی۔ مقبوضہ جموں و کشمیر پر 5 اگست 2019ء کے غاصبانہ اقدامات کے بعد لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر چین اور لائن آف کنٹرول پر پاکستان کیساتھ بھارتی دہشتگردی عروج پر رہی۔ بھارت لداخ میں چین کے ہاتھوں بھرپور ہزیمت اور مار کھا کر ہی باز آیا، تاہم لائن آف کنٹرول پر دہشت گردی کا ارتکاب جاری رکھا۔

انتخابی مہم ہو، اقلیتوں کیخلاف جرائم یا اقلیتی مذہبی مقامات کی تباہی، متنازعہ شہریت قانون یا کسان احتجاج، ہندتوا نظریہ کی پیروکار، مودی سرکارکا واحد ہتھیار ہے۔ پاکستان دشمنی میں تمام حدیں پار کی گئیں، لائن آف کنٹرول، ورکنگ باﺅنڈری پر شہری آبادی مسلسل بھارتی دہشت گردی کا شکار ہے۔

سال 2020ء ایل او سی پر مقیم آبادی کیلئے تباہ کن ثابت ہوا۔ کورونا وباء کے باوجود بھارت نے عالمی قوانین اور اقدار کی دھجیاں بکھیریں۔ بھارتی فورسز نے فائر بندی انتظام کی 3 ہزار سے زائد خلاف ورزیاں کیں، دو درجن سے زائد شہری شہید، 250 سے زائد زخمی کر دیئے۔

پاکستا ن میں متعین سفراء، دفاعی اتاشیوں اور عالمی میڈیا نے لائن آف کنٹرول کے دورے کیے۔ بھارتی فائرنگ سے تباہی کے مناظر کا خود مشاہدہ کیا، زخمیوں سے ملے۔ دنیا نے اشتعال انگیزیوں پر بھارت کو آڑے ہاتھوں لیا، تاہم بھارتی انتہاء پسند مودی سرکار کی دہشت گردی نہیں تھمی۔ یوں 18 دسمبر کو بھارت نے اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن کی گاڑی کو بھی نشانہ بنا ڈالا جبکہ اُڑی، پٹھان کوٹ، پلوامہ، ناگروٹا طرز پر فالس فلیگ آپریشن کی منصوبہ بندی بھی رکھتا ہے۔