Thursday, March 28, 2024

آمدن سے زائد اثاثہ جات ، خواجہ آصف کو احتساب عدالت نے ایک روزہ راہداری ریمانڈ دے دیا

آمدن سے زائد اثاثہ جات ، خواجہ آصف کو احتساب عدالت نے ایک روزہ راہداری ریمانڈ دے دیا
December 30, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد سے گرفتار مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کی احتساب عدالت میں پیشی ہوئی ، نیب ٹیم راولپنڈی آفس سے خواجہ آصف کو احتساب عدالت کےلیے لے کرروانہ ہوئی، مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال،  مریم اورنگزیب، رانا ثنا اللہ بھی عدالت پہنچے۔

دوران سماعت نیب نے خواجہ آصف کے 2 روزہ راہداری ریمانڈ کی استدعا کی گئی، خواجہ آصف کے وکیل نے دلائل دیئے کہ 2 سال سے یہ کیس چل رہا ہے، 4 گھنٹے لگتے ہیں، یہ 2 روز مانگ رہے ہیں۔

جج نے کہا کہ ان کے پاس تو صرف راہداری ریمانڈ تک کا معاملہ ہے، اس دوران خواجہ آصف روسٹرم پرآئے اور کہا کہ مجھے گرفتاری کی گراؤنڈ نہیں دی گئی، جج نے نیب پراسیکیوٹر کوگراؤنڈ آف اریسٹ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آج یا کل ملزم کو لاہور لے جائیں۔

خواجہ آصف کے وکیل نے راہداری ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے فوری رہا کرنے کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کردیا، میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا ساتھ چھوڑنے کےلیے کہا جارہا ہے۔ احسن اقبال نے کہا پی ڈی ایم کے جتنے بھی فیصلے ہیں اتفاق رائے سے کیے جائینگے۔

 ادھر احسن اقبال کا کہنا تھا خواجہ آصف کی گرفتاری ملک میں جاری نیب گردی کا تازہ شاہکار ہے۔ نیب کی یہ کارستانیاں عمران نیازی کی حکومت کو نہیں بچا سکتی۔ خواجہ آصف کیخلاف انکوائری پر نیب راولپنڈی نے ہاتھ کھڑے کر دئیے تھے۔ چیئرمین نیب نے بددیانتی کرتے ہوئے کیس کو لاہور منتقل کیا ۔ انہوں نے کہا حکومت پی ڈی ایم کی تحریک سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے۔

دوسری طرف مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا خواجہ آصف کی گرفتاری پر کہنا تھا خواجہ آصف کی گرفتاری پر رد عمل دیں گے۔ ہماری پارٹی کا غیر رسمی اجلاس چل رہا تھا ، خواجہ صاحب بھی اس میں شریک تھے ۔ نیب تاک لگا کر بیٹھی تھی اور انہیں اغواء کر لیا ۔ خواجہ آصف کو نہیں چھوڑا گیا تو نتیجے کے لئے تیار رہیں۔ یہ گرفتاری نہیں اغواء ہے ۔ عدلیہ سے کہوں گی قوم آپ پر نظریں لگا کر بیٹھی ہے ۔ نیب اگر کسی کو گھر سے اٹھا لیتا ہے تو عدلیہ کو خاموش نہیں رہنا چاہئے۔