Saturday, April 20, 2024

وزیر اعظم کا پولیس لائنز اسلام آباد کا دورہ ، اہلکاروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ

وزیر اعظم کا پولیس لائنز اسلام آباد کا دورہ ، اہلکاروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ
December 23, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے پولیس لائنز اسلام آباد کا دورہ کیا اور اہلکاروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا۔

 وزیراعظم نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات تقسیم اور یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ وزیر داخلہ شیخ رشید اور آئی جی اسلام آباد بھی تقریب میں موجود تھے۔

عمران خان کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا پولیس میں پاس آؤٹ ہونے والوں کو مبارکباد اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ آج یہاں آنے کا مقصد تھا کہ پولیس کا پیغام دوں۔ جب تک ایک قوم کی جان و مال کی حفاظت نہیں ہوتی وہ قوم ترقی نہیں کر سکتی۔ کبھی قوم میں خوشحالی نہیں آتی جب تک امن و امان اور سکیورٹی نہیں ہوتی۔ معاشرے میں پولیس کا بہت بڑا مقام ہوتا ہے۔ افسوس سے کہنا پڑتا ہے پولیس کا آج تک معاشرے میں وہ مقام نہیں ہوا۔ چاہتا ہوں قوم پولیس کو پسند کرے، اپنا سمجھے۔ انہوں نے کہا خیبرپختونخوا کی پولیس جس طرح تبدیل ہوئی اور اس نے دہشتگردی کا مقابلہ کیا۔ پھر ایسا وقت آیا پشاور اور مردان کے شہریوں نے پولیس کی حمایت میں جلسے کیے۔ اپنی آنکھوں کے سامنے خیبرپختونخوا میں پولیس کو بدلتے دیکھا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا 5 واں مہینہ ہے کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں چلا گیا ہے۔ یہ ہم نے بہت بڑا کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ جب تک ہماری آمدنی نہیں بڑھتی قوم کو صبر کرنا پڑے گا۔ صرف گورننس سسٹم ٹھیک کرنا ہے ،یہ ملک اٹھ جائے گا۔ انہوں نے کہا پورے پاکستان میں پولیس کی تنخواہیں بڑھائیں گے۔ جس طرح آمدنی بڑھتی جائے گی بیورو کریسی کی بھی تنخواہیں بڑھائیں گے۔ 10 لاکھ روپے تک  پولیس کی ہیلتھ انشورنس ہو گی۔ نیا پاکستان ہاؤسنگ میں اسلام آباد پولیس اورملازمین کو قسطوں پر گھر دیں گے۔ نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم اور ہیلتھ کارڈ اسلام آباد پولیس سے شروع کریں گے۔

عمران خان بولے وقت آگیا ہے پولیس کی معاشرے میں عزت ہو۔ جو تبدیلی خیبرپختونخوا میں دیکھی وہ پورے پاکستان میں دیکھنا چاہتا ہوں۔ چاہتا ہوں ایک بالکل مختلف پولیس فورس سامنے آئے۔ چاہتا ہوں عام شہری پولیس کیلئے وی آئی پی ہو۔