Friday, April 19, 2024

فیروز والا میں 10 روز قبل اغواء ہونیوالی بچی کی لاش مل گئی، لواحقین کا احتجاج

فیروز والا میں 10 روز قبل اغواء ہونیوالی بچی کی لاش مل گئی، لواحقین کا احتجاج
December 21, 2020

فیروز والا (92 نیوز) فیروز والا میں دس روز قبل اغواء ہونے والی بچی کی لاش مل گئی، لواحقین نے مظاہرہ کرتے ہوئے مین جی ٹی روڈ کو بند کر دیا،واقعے کا مقدمہ بچی کے والد کی مدعیت میں تھانہ شاہدرہ ٹاؤن میں درج کر لیا گیا، پولیس کے ساتھ مذاکرات کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا۔

لاہور کے علاقہ فیروزوالا میں 10 روز قبل اغوا ہونے والی کاطمہ قتل! لواحقین نے الزام لگایا کہ ان کی بیٹی کو زیادتی کے بعد قتل کر کے برکت ٹاؤن نہر میں پھینک دیا گیا۔

شہریوں نے بچی کی لاش تھانہ شاہدرہ ٹاؤن کے باہر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی، مظاہرین انصاف کا مطالبہ اور پولیس کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔

ٹریفک بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا اور کئی گھنٹوں تک گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، مظاہرین کا کہنا تھا کہ انصاف کے حصول تک احتجاج جاری رہے گا۔

بعد میں ڈی ایس پی عثمان حیدر اور چیئرمین پی ایچ اے یاسر گیلانی سے مظاہرین کے مذاکرات کامیاب ہو گئے، سی سی پی او لاہور محمد عمر شیخ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی سے رپورٹ طلب کر لی۔