Thursday, April 18, 2024

نیب نے فضل الرحمان کو سوالنامہ بھیج دیا، ثبوتوں کیساتھ اثاثوں کی تفصیلات 28 دسمبر تک طلب

نیب نے فضل الرحمان کو سوالنامہ بھیج دیا، ثبوتوں کیساتھ اثاثوں کی تفصیلات 28 دسمبر تک طلب
December 18, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) قومی احتساب بیورو نے کرپشن کے الزامات پر جمعیت علما اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو سوال نامہ بھیجتے ہوئے بے نامی داروں کی تفصیلات 24 دسمبر جبکہ اثاثوں کی تفصیلات جمع کروانے کے لیے 28 دسمبر تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

نیب نوٹس کے مطابق جمعیت علما اسلام ف کے سربراہ فضل الرحمان کے خلاف کرپشن کے الزامات اور بے نامی داروں کی تفصیلات کے لیے سوال نامہ بھیجا گیا ہے۔ مولانافضل الرحمان کو بھیجا گیا سوال نامہ 26 سوالات پر مشتمل ہے، کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان جواب کے ساتھ ثبوت بھی پیش کریں، جواب جمع نہ کرانے پر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

سوال نامے میں کہا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اپنے والد کے ذرائع آمدن کی تفصیلات دیں، والد کی خریدی گئی اور وراثت میں ملنے والی جائیداد، اپنے اور اپنے خاندان کو والدین کی جانب سے ملنے والی وراثت کی تفصیل دیں۔ ساتھ ہی فضل الرحمان سے انکے اپنے سالانہ ذرائع آمدن کی تفصیل بھی پوچھی گئی ہے۔

دوسری جانب نیب نے آمدن سے زائد اثاثوں کی تفصیلات جمع کروانے کے لیے مولانا فضل الرحمان کو 28 دسمبر تک کا وقت دے دیا۔

نیب نے مولانا فضل الرحمان کو اثاثوں کا پرفارما بھی بھیجتے ہوئے کہا کہ 28 دسمبر تک تفصیلات فراہم کریں، نیب کے مطابق مولانا فضل الرحمان کا پرفارما دیکھنے کے بعد اثاثوں سے متعلق سوالنامہ بھیجنے کا فیصلہ ہو گا۔ مولانا فضل الرحمان کی تفصیلات کا نیب خود سے حاصل شواہد سے موازنہ کرے گا۔