Friday, April 26, 2024

استور، مری، ایبٹ آباد اور شمالی وزیرستان میں برفباری کا سلسلہ جاری

استور، مری، ایبٹ آباد اور شمالی وزیرستان میں برفباری کا سلسلہ جاری
December 12, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) ملک کے مختلف پہاڑی سلسلوں پر برفباری نے رنگ جما دیا، استور، مری، ایبٹ آباد اور شمالی وزیرستان میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ بلوچستان میں بھی پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، تاہم محکمہ موسمیات نے آج بھی مزید بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔

شمالی علاقوں میں برفباری، روئی کے گرتے گالوں نے مست نظارے اور حسین کر دیئے، استور، ایبٹ آباد، گلیات میں دن بھر برفباری کا سلسلہ جاری رہا، شمالی وزیرستان کے علاقے شوال اور رزمک نے بھی سفید چادر اوڑھ لی۔

بلوچستان کے مختلف شہروں میں آسمان سے گرتی چاندی نے  سماں باندھ دیاکوئٹہ ،چمن ،قلات،ہرنائی اورمستونگ میں برف ہی برف،سیاحوں کی بڑی تعداد برفباری سےلطف اندوز ہونےپہنچ گئی۔

مری میں وقفے وقفے سے برفباری، سیاح مال روڈ پر برفباری کے نظارے لیتے رہے، آسمان سے گرتے روئی کے گالوں کو دیکھ کر منچلوں نے خوب ہلہ گلہ کیا۔

ادھر لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں  میں بارش کے بعد سردی بڑھ گئی۔ محکمہ موسمیات نےآج پھر خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔