Thursday, April 25, 2024

پاک فضائیہ ائیرمین اکیڈمی کورنگی کریک میں پہلی ایرو اپرینٹس بیچ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی

پاک فضائیہ ائیرمین اکیڈمی کورنگی کریک میں پہلی ایرو اپرینٹس بیچ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی
December 11, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) پاک فضائیہ ائیرمین اکیڈمی کورنگی کریک میں پہلی ایرو اپرینٹس بیچ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ۔1474 ایرو اپرینٹس پاس آؤٹ ہوئے، مہمان خصوصی ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان تھے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق  پاک فضائیہ ائیرمین اکیڈمی کورنگی کریک میں پہلے ایرو اپرینٹس بیچ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں 1474 ایرو اپرینٹس نے تکنیکی تربیت مکمل کی۔ بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال اور پاک بحریہ کے اہلکار بھی شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق بطورِ مہمانِ خصوصی پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کے "نیکسٹ جنریشن پروگرام" کے تحت آج کا دن کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ آج کا دن نئی جہتوں پر تربیت میں اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ائیرمین اکیڈمی کورنگی کریک، خطے میں اپنی نوعیت کی پہلی بہترین تربیت گاہ ہے۔ اکیڈمی کے قیام کا مقصد ماہر ٹیکنیشنز، اعلیٰ سوچ کے حامل ائیرمین تیار کرنا ہے۔ ایئر مین ایسے ہوں جو ٹیکنالوجی سے بھرپور ماحول میں کام کرنے کی قابلیت رکھتے ہوں۔ تربیت حاصل کرنے والے اہلکار پاک فضائیہ کی شاندار روایات کو برقرار رکھیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ اُمید ہے اکیڈمی خطے اور دنیا میں بطور منفرد ادارہ، مشہور تربیت گاہ جانی جائے گی۔ پاک فضائیہ دیگر مسلح افواج کیساتھ ہر محاذ پر درپیش ہر خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔

سربراہ پاک فضائیہ نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت کیخلاف جدوجہد پر کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کشمیری بہن بھائیوں کی پُرعزم جدوجہد آزادی پر اخلاقی، سیاسی، سفارتی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق مہمانِ خصوصی نے اعلیٰ کارکردگی کے حامل ایرو اپرینٹس کو ٹرافیاں تقسیم کیں۔ جنرل سروس ٹریننگ میں اکیڈمی سارجنٹ ائیر کرافٹ مین حسین علی کو "ائیر آفیسر کمانڈنگ ٹرافی" دی گئی۔

بنگلہ دیشی فضائیہ کے لیڈنگ ائیر کرافٹ مین غلام ربانی کو "بیسٹ فارن ٹرافی" عطا کی گئی۔ مجموعی اعلیٰ کارکردگی پر ائیرکرافٹ مین سکندر اقبال "چیف آف دی ائیر سٹاف ٹرافی" سے نوازا گیا۔