Tuesday, April 23, 2024

اپوزیشن ملک کو 2018 سے پہلے کے حالات میں دھکیلنا چاہتی ہے، شبلی فراز

اپوزیشن ملک کو 2018 سے پہلے کے حالات میں دھکیلنا چاہتی ہے، شبلی فراز
December 8, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن ملک کو 2018 سے پہلے کے حالات میں دھکیلنا چاہتی ہے۔ ملک کو ٹھیک کرنے میں دس، پندرہ سال لگیں گے۔

سینیٹر شبلی فراز نے معاون خصوصی عثمان ڈار کے ہمراہ پریس بریفنگ میں کہا، اپوزیشن این آر او کیلئے دباؤ ڈالنا چاہتی ہے، یہ سیاسی پناہ گزین ہیں جن کا مقصد صرف اقتدار میں آنا ہے۔ ان لوگوں نے پاکستان کو تباہ و برباد کیا، یہ ایک دوسرے کی پیٹھ میں چھرے گھونپتے رہے۔ مجرم کی صاحبزادی ہمیں لیکچر اور دھمکیاں دے رہی ہیں۔ اپوزیشن والے ہوتے کون ہیں ہمیں گھر بھیجنے والے؟۔

انہوں نے کہا، پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے، جو زیادہ شدت اختیار کر رہی ہے۔ کورونا کے باوجود اپوزیشن غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ اپوزیشن کا عوام کے لیے کوئی ایجنڈا نہیں، ان کو 2 سال بعد انتخابی دھاندلی کا یاد آیا۔ اپوزیشن چیزوں کو اپنی مرضی کے مطابق دیکھنا چاہتی ہے، جو کچھ کر رہی ہے وہ ملکی مفاد میں نہیں۔ یہ نہیں چاہتے کہ ملک ترقی کرے اور ادارے اپنے پاؤں پر کھڑے ہوں۔

اُن کا کہنا تھا کہ مولانا نے سیاست میں اسلام کی کون سی خدمت کی؟، کشمیر کیلئے کیا کیا؟۔ وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر اور اسلامو فوبیا کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔

وزیراطلاعات بولے کہ حکومتی اقدامات سے معیشت مستحکم اور مہنگائی کم ہوئی ہے۔ تعمیراتی شعبہ تیزی سے ترقی کررہا ہے، سیمنٹ، سریا کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔ اپوزیشن جمہوری حکومت کو ہٹانے کیلئے غیر جمہوری طریقے اختیار کیے ہوئے ہے۔ اِن کا مقصد ملکی خدمت نہیں صرف اقتدار برائے کاروبار ہے۔

انہوں نے کہا کہ جلسے جلوسوں سے کبھی کوئی حکومت نہیں گئی، جلسوں کا مقصد صرف این آر او کے لیے حکومت پر دباؤ ڈالنا ہے۔ پیسہ ان کا ایمان ہے، عوام نوسر بازوں سے دور رہیں۔ استعفیٰ دینا آسان، الیکشن لڑنا بہت مشکل کام ہے۔ استعفوں کے معاملے میں یہ لوگ بہت تقسیم ہیں۔ اپوزیشن میں کوئی ایسا لیڈر نہیں جس کو ایمانداری کا سرٹیفکیٹ ملا ہو۔

اُن کا مزید کہنا تھا، ماضی میں خلاف ضابطہ بھرتیوں سے اداروں کو تباہ کیا گیا۔ کسی بھی ادارے میں لوگوں کو جبری ریٹائرنہیں کیا جا رہا۔ پی ٹی وی کی عظمت رفتہ بحال کریں گے۔

وزیراعظم دورہ سیالکوٹ پر 17 ارب کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کریں گے، عثمان ڈار

معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کل سیالکوٹ کا دورہ کر رہے ہیں۔ وزیراعظم 17 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے کہا، کلین گرین پاکستان منصوبے کے تحت 5 نئے پارکس قائم کئے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں 4 لاکھ شہریوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کیا جائے گا۔ ٹریفک مسائل کے حل کیلئے ٹریفک ری انجینئرنگ منصوبہ شروع ہوگا۔

اُن کا مزید کہنا تھا، خواجہ آصف میں اگر اخلاقی جرأت ہے تو استعفیٰ دیں اور مقابلہ کریں۔ اپوزیشن ملکی معیشت کو غیر مستحکم کرنے کیلئے جلسے کر رہی ہے۔