Wednesday, April 24, 2024

وزیر اعظم کا غلط کام کرنیوالے افسر کو تبدیل کرنیکی بجائے فارغ کرنیکا اعلان

وزیر اعظم کا غلط کام کرنیوالے افسر کو تبدیل کرنیکی بجائے فارغ کرنیکا اعلان
December 4, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے غلط کام کرنے والے افسر کو تبدیل کرنے کی بجائے فارغ کرنے کا اعلان کردیا۔

وزیر اعظم عمران خان کہتے ہیں اب تک 30لاکھ افراد نے پاکستان سٹیزن پورٹل استعمال کیا، شہریوں کے پورٹل کے استعمال سے حکومت کیلئے محکموں، بیوروکریسی کی کارکردگی جانچنا آ سان ہو جائیگا۔ لوگوں کے مسائل حل ہوں گے۔

سٹیزن پورٹل کے 2 سال مکمل ہونے پر اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان سٹیزن پورٹل کی ٹیم کو اچھی کارکردگی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، حکومت کے فرائض میں شامل ہے کہ عوام کی خدمت کی جائے، 30 لاکھ لوگوں نے پاکستان سٹیزن پورٹل پر شکایات ہیں، اِس کا مطلب ہے کہ لوکل گورنمنٹ کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہماری بڑی بدقسمتی تھی کہ جب پاکستان بناتو ان حکمرانوں کی عادت نہیں بدلی، انگریز کے چلے جانے کے بعد ان حکمرانوں نے یہاں کے شہریوں کو غلام سمجھ لیا۔ ترقی یافتہ ممالک میں شہریوں کو یکساں حقوق میسر ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ سیوریج سسٹم اور کوڑا اُٹھانا یہ سسٹم بھی تباہ ہوچکا ہے، لاہور اور کراچی جیسے شہروں میں ان کی اپنی حکومت بنے گی۔ یعنی شہریوں کے مسائل ان کے اپنے ہی شہروں میں حل ہوں گے۔ دوسرا بڑا مسئلہ یہاں آیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا ہے، کہ اُن کے پلاٹ پر قبضے ہو جاتے ہیں، پولیس اوورسیز پاکستانیوں سے تعاون نہیں کرتی، شہریوں سے کہتا ہوں کہ سٹیزن پورٹل پر اپنی شکایات ہر صورت درج کروائیں، جو لوگ تنگ کرتے ہیں، افسر اِن سے رشوت لیتے ہیں وہ سٹیزن پورٹل پر اِن کی شکایت کریں۔