Saturday, April 20, 2024

ایل این جی ریفرنس ، احتساب عدالت کا ہفتے میں ایک دن ریفرنس کی سماعت کیلئے مخصوص کرنے کا فیصلہ

ایل این جی ریفرنس ، احتساب عدالت کا ہفتے میں ایک دن ریفرنس کی سماعت کیلئے مخصوص کرنے کا فیصلہ
December 1, 2020

احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سمیت دیگر کے خلاف ایل این جی ریفرنس سے متعلق کیس پر سماعت کی۔

 سماعت کے دوران وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا کہ نیب کی جانب سے تاحال ریفرنس سے متعلق مکمل ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا۔ جب تک دستاویزات مکمل نہیں ہوتے کیسے بات ہو گی۔ عدالتی حکم کے باوجود نیب نے دستاویزات فراہم نہیں کیں۔ نیب دستاویزات میں تین صفحات غائب ہیں۔ عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کو دستاویزات مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

دوران سماعت نیب کے پراسیکیوٹر جنرل نے عدالت کو بتایا 15 نومبر دو ہزار بارہ کو ایل این جی کنسلٹنٹ کمپنی کی تعیناتی سے متعلق خط لکھا گیا۔ جو بھی ریفرنس آتا ہے پارٹیاں کہتی ہیں سب سے گندا ریفرنس یہی ہے۔ اج بھی نیب کے گواہ محمد حسن کا بیان مکمل ریکارڈ نا ہو سکا۔

بیرسٹر ظفر اللہ نے عدالت سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ اس کیس کے علاوہ بھی سو کام ہیں۔ جمعے کو کیس سماعت کے لیے رکھ دیں۔ ایک ہفتے میں دوبارہ اس کیس کی سماعت نہ رکھیں۔ فاضل جج نے ریمارکس دیئے آپ کوئی ایک دن بتائیں جسمیں اسکو مکمل کیا جائے۔ ہم نے آپکو دو ہفتے کی بریک دی۔

نیب کے پراسیکیوٹر جنرل نے موقف اختیار کیا کہ ہمارے پاس جو گنجائش بن رہی ہے وہ جمعرات کی ہے۔ جج اعظم خان بولے بدھ کو پہلے جعلی اکاؤنٹس کیسسز سماعت کے لیے مقرر ہیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت 8 دسمبر تک ملتوی کردی۔ آئندہ سماعت پر نیب کے گواہ کا بیان قلمبند کیا جائے گا۔