Friday, April 19, 2024

محسن فخری زادے کے قتل کے بعد مشرق وسطیٰ میں کشیدگی پھر بڑھ گئی

محسن فخری زادے کے قتل کے بعد مشرق وسطیٰ میں کشیدگی پھر بڑھ گئی
November 29, 2020

ایران نے اسرائیل پر محسن فخری زادے کے قتل کا الزام لگاتے ہوئے بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے جبکہ اسرائیل نے دنیا بھر میں اپنے سفارتخانوں کو ہائی الرٹ کردیا۔

ایرانی سائنسدان ایٹمی پروگرام کا باپ سمجھے جانے والے محسن فخری زادے کے قتل نے مشرق وسطی کو ایک بار پھر خوفناک صورتحال کی جانب دھکیل دیا۔

ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران صحیح وقت پر محسن فخری زادہ کے قتل کا بدلہ لے گا۔ حسن روحانی نے جوہری سائنسدان کو قتل کرنے کے لیے اسرائیل پر امریکی زرخرید کے طور پر کام کرنے کا الزام لگایا۔

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے بھی جوہری سائنس دان محسن فخری زادہ کے قتل کا بدلہ لینے کا اعلان کیا۔ اُنہوں نے ملک کی ایجنسیوں پر سائنس دان کے قتل کے ذمہ داروں کا تعین کرکے اُن کے خلاف جوابی کارروائی پر زور دیا۔

کشیدہ صورتحال کے پیش نظراسرائيل نے دنيا بھر ميں اپنے سفارت خانوں کو ہائی الرٹ کر ديا۔۔اسرائیل، امریکا، پینٹاگون یا کسی دوسرے ملک کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ تجزیہ کار اس خاموشی کو کسی طوفان کا پیش خیمہ بتاتے ہیں۔