Friday, April 19, 2024

العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز، نواز شریف کی سزا کیخلاف اپیلوں پر عدالتی تحریری حکم نامہ جاری

العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز، نواز شریف کی سزا کیخلاف اپیلوں پر عدالتی تحریری حکم نامہ جاری
November 28, 2020

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے تحریری حکم نامہ جاری کیا۔ قرار دیا کہ نواز شریف کی طلبی کے اشتہارات اخبارات، انکی رہائش گاہ اور اہم مقامات پر چسپاں کیے گئے۔

وفاق کے مطابق رائل میل کے ذریعے بھیجا گیا طلبی کا اشتہار نواز شریف نے وصول کیا۔

عدالت نے تحریری حکم نامہ میں نیب کے موقف کا تذکرہ کیا اور لکھا کہ نیب کے مطابق اصولی طور پر اشتہار بھیجنے اور چسپاں کرنے والوں بیان ریکارڈ کیا جائے۔ اشتہار چسپاں کرنے والے ایف آئی اے افسران اعجاز احمد اور طارق کو 2 دسمبر کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کردی۔

نواز شریف کا اشتہار برطانیہ بھیجنے والے وزارت خارجہ کے افسر مبشر خان کا بیان بھی قلمبند کیا جائیگا۔ ججز نے تحریر کیا کہ عدالت گواہوں کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ کرے گی۔

گزشتہ سماعت پر طلبی کے باوجود نوازشریف عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے۔ دفتر خارجہ کے ڈائریکٹر یورپ مبشر خان کی جانب سے تعمیلی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ نواز شریف جان بوجھ کر عدالت میں پیش نہیں ہو رہے، نوازشریف عدالت میں زیر سماعت کیس سے متعلق مکمل طور پر آگاہ ہیں۔

عدالت نے سابق وزیراعظم کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی مؤخر کرتے ہوئے اشتہارات کی تعمیل کرنے والے افسران کے بیانات ریکارڈ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔