Friday, April 26, 2024

اپوزیشن جتنے مرضی جلسے کرلے این آر او نہیں ملے گا، وزیراعظم

اپوزیشن جتنے مرضی جلسے کرلے این آر او نہیں ملے گا، وزیراعظم
November 27, 2020

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی اور حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، جس میں ملکی سیاسی، معاشی اور کورونا کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

وزیراعظم نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا، حکومت کو پی ڈی ایم کے جلسوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ چوری کے پیسے چھپانے کے لیے لوگوں کو کورونا کے رحم و کرم پر چھوڑا جا رہا ہے، ایک لیڈر لندن میں چھپ کر بیٹھا ہوا ہے اور لوگوں کو جلسوں میں بلایا جا رہا ہے۔ دنیا کورونا سے لڑ رہی ہے اور یہاں قوم کا تماشہ پوری دنیا میں بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کو موجودہ حالات میں جلسے بند کردینے چاہیئں۔ کورونا خطرناک حد تک پھیل رہا ہے احتیاط ضروری ہے، ایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد کروایا جائے۔

ملک میں مہنگائی کی صورتحال پر اُن کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات سے مہنگائی میں کمی ہوئی ہے، مہنگائی میں مزید کمی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

اجلاس میں وزیر اعظم کو معاشی صورتحال پر حماد اظہر نے بریفنگ دی جبکہ یو اے ای میں لیبر ویزہ سے متعلق زلفی بخاری نے بریفنگ کیا، بتایا کہ یو اے ای میں لیبر ویزہ پر کوئی پابندی نہیں ہے۔

وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کررہا، فلسطینیوں کو حقوق ملنے تک اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوچا بھی نہیں جا سکتا۔